کراچی (بیورو رپورٹ) پاکستان اکانومی واچ کے چیئرمین بریگیڈیر(ر) اسلم خان نے کہا ہے کہ سٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں اضافے کا فیصلہ درست ہے۔ اس سے مہنگائی پر قابو پانے میں مدد ملے گی جبکہ آئی ایم ایف کے رکے ہوئے قرضے کی راہ ہموار ہو گی۔ ٹیکسوں اور پٹرولیم لیوی میں اضافہ سے مہنگائی بڑھے گی جبکہ درامدات پر پابندی ہٹانے سے زرمبادلہ کے ذخائر پر بوجھ پڑے گاجس سے نمٹنے کے لئے شرح سود میں اضافہ ضروری تھا۔ اسلم خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے مطالبے پر نظرثانی شدہ بجٹ کی منظوری کے بعد سٹیٹ بینک نے شرح سود 22 فیصد تک بڑھا دی ہے جس کی وجہ سے 30 جون کو ختم ہونے والے آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ شرح سود میں اضافے سے حکومت اور نجی شعبے پر قرضوں کا بوجھ بڑھے گا لیکن اگر اس سے آئی ایم ایف کا معطل شدہ پروگرام بحال ہو جاتا ہے تو اس کے مثبت اثرات منفی اثرات سے کہیں زیادہ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ درآمدات پر پابندیوں کو ہٹانے سے پاکستان کیلئے خطرات بڑھ گئے ہیں کیونکہ بندرگاہ پر پھنسے ہوئے سامان کی مالیت سٹیٹ بینک کے پاس موجود غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر سے زیادہ ہے جو تشویشناک ہے تاہم سٹیٹ بینک نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ معاشی صورتحال کی احتیاط سے نگرانی جاری رکھے گا اور اگر ضرورت پڑی تو مناسب کارروائی کرے گا۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں اضافے کا فیصلہ درست ہے:پاکستان اکانومی واچ



















