حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کا جائزہ، آئی جی کی ہدایات پر افسران کے مختلف جیلوں کے دورے

لاہور (کرائم رپورٹر) حکومت پنجاب اور صدر دفتر کی جانب سے جاریکردہ ہدایات پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر کی ہدایت پر ڈی آئی جیز پنجاب کی مختلف جیلوں کے اچانک دورے کر رہے ہیں۔ ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر میاں سالک جلال نے رات کے وقت ڈسٹرکٹ جیل قصور کا اچانک دورہ کیا ہے۔ اس دورے کے دوران جیل کی اندرون و بیرون سکیورٹی سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا ہے۔ نائٹ ڈیوٹی پر مامور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل کو ڈیوٹی میں غفلت برتنے اور 3 اہلکاروں کو ڈیوٹی کے دوران سونے پر نوکری سے معطل کر دیا گیا ہے۔ سپرنٹنڈنٹ جیل سے جیل احاطے میں موجود نہ ہونے پر جواب طلبی کی گئی ہے۔ جواب تسلی بخش نہ ہونے کی صورت میں کاروائی کےلئے رپورٹ محکمہ داخلہ کو بھجوائی جائےگی۔ ڈی آئی جی ساہیوال ریجن ملک شوکت فیروز نے ہائی سکیورٹی جیل ساہیوال کا رات کے وقت اچانک دورہ کیا ہے۔ اس دورے کے دوران جیل کی اندرون و بیرون سیکیورٹی ، سرویلنس سسٹم ، رات کے وقت روشنی کے انتظام اور صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا گیا ہے۔ سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور واچ اینڈ وارڈ سٹاف ڈیوٹی پر موجود اور چست پایا گیا ہے۔ صفائی ستھرائی کے انتظامات میں بہتری کےساتھ ساتھ سپرنٹنڈنٹ جیل کو اسیران کی شکایات کے ازالے کےلئے روزانہ کی بنیاد پر اندرون جیل دورہ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈی آئی جی راولپنڈی ریجن رانا رو¿ف نے رات کے وقت ڈسٹرکٹ جیل اٹک کا اچانک دورہ کیا ہے۔ جیل کی اندرون و بیرون سکیورٹی سمیت ہسپتال اور قیدی بارکس کا معائنہ کیا ہے۔ مجموعی طور پر انتظامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے جیل انتظامیہ مزید بہتری کےلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی۔ ڈی آئی جی لاہور ریجن نوید رو¿ف نے ڈسٹرکٹ جیل حافظ آباد کا رات کے وقت اچانک دورہ کیا ہے۔ اس دورے کے دوران جیل کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا ہے۔ جیل انتظامیہ کو رات کے وقت روشنی کے انتظام کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔ مجموعی طور پر جیل انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جیل انتظامیہ کو اسیران کی فلاح وبہبود کیلئے کوشاں رہنے کی ہدایت کی ہے۔ آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر کا تمام افسران و اہلکاران کو اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی محنت ، لگن اور دیانتداری کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہنا ہے کہ پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی غفلت ، سستی اور نااہلی کسی صورت برداشت نہیں کی جائےگی۔