بجٹ کاروبار، ایس ایم ایز، زراعت ،آئی ٹی دوست ہے،لاہور چیمبر

لاہور ( کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وفاقی بجٹ کو کاروبار، ایس ایم ایز، زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی دوست قرار دےدیا، وفاقی بجٹ تقریر کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور، سینئر نائب صدر ظفر محمود چودھری اور نائب صدر عدنان خالد بٹ نے کہا وفاقی بجٹ میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی مختلف تجاویز کو بجٹ کا حصہ بنایا گیا۔

ملک میں غیر ملکی کرنسی لانے کی حدمیں اضافے کی تجویز منظور کرتے ہوئے حد بڑھاکر ایک لاکھ ڈالر کردی گئی ،اقدام سے زرمبادلہ کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملے گی،صنعتی شعبے پر کوئی نیا ٹیکس نہ لگانے کا فیصلہ خوش آئند ہے، حکومت کو نیٹ میٹرنگ کے ریٹس بڑھانے چاہئیں،بجٹ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکٹر پر خصوصی توجہ دی گئی۔

اگلے مالی سال 30ارب ڈالر برآمدات اور 33ارب ڈالر ترسیلات زر کے اہداف حاصل کرنے کےلئے خصوصی اقدامات اٹھاناہوں گے،سوال پیدا ہوتا ہے 2000ارب کا خسارہ کیسے پورا ہوگا اور ٹیکس کس پر لگے گا۔