لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت و توانائی ایس ایم تنویر سے سرجیکل انسٹرومنٹس مینو فیکچرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں ملاقات کی، وفد کی قیادت چیئرمین کونسل برائے سرجیکل انسٹرومنٹس یوسف حسن باجوہ کررہے تھے، ملاقات کے دوران سرجیکل انڈسٹری کے ایشوز، سیالکوٹ میں سرجیکل سٹی کے قیام، سرجیکل آلات کی برآمدات بڑھانے اور انڈسٹری کوٹیکسوں سمیت دیگر درپش مسائل پر بات چیت ہوئی، وفد نے سرجیکل انڈسٹری کے حوالے سے پلاننگ میں ایسوسی ایشن کو شامل کرنے کا مطالبہ کیا، صوبائی وزیر صنعت و تجارت و توانائی ایس ایم تنویر نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برآمدات بڑھانے کے حوالے سے سرجیکل انڈسٹری میں بہت زیادہ صلاحیت موجود ہے، حکومت سرجیکل انڈسٹری کی برآمدات ایک ارب ڈالر تک بڑھانے کیلئے انڈسٹری کے ساتھ تعاون کرےگی ۔صوبائی وزیر نے سیالکوٹ میں سرجیکل سٹی کے قیام کے منصوبے پر عملدرآمدکی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ میں عالمی معیار کی سٹیٹ آف دی آرٹ لیب فارسرجیکل انسٹرومنٹس بنے گی اور اس لیب کے قیام کا منصوبہ ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائےگا۔ انہوں نے کہا کہ سرجیکل انڈسٹری کے ٹیکسوں سے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے وفاقی حکومت سے بات کی جائےگی، ایڈیشنل ایڈیشنل سیکرٹری صنعت ،سی او او ٹیوٹا، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر پیسک،سینئر اکنامک ایڈوائزر،ڈائریکٹر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔
برآمدات بڑھانے کیلئے سرجیکل انڈسٹری میں بہت زیادہ صلاحیت ہے:ایس ایم تنویر



















