بلدیہ عظمیٰ:اخبار ی اشتہار میں دی گئی تعداد سے زائد بھرتیاں ،ادارے کی ساکھ متاثر ہونے کا خدشہ

لاہور (نوید چودھری) بلدیہ عظمیٰ لاہور میں درجہ چہارم کی بھرتیوں کے حوالے سے تاریخ کا سب سے بڑا فراڈ سامنے آگیا۔ سیاسی عدم استحکام کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن نے 5 درجن کے قریب بھرتیوں کو عملی شکل دینے کےلئے قواعد و ضوابط کی دھجیاں بکھیر کر رکھ دی ہیں، بھرتیوںکا معاملہ محکمہ انسداد رشوت ستانی کے علم میں آنے کے بعد انکوائری لگنے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ تحقیقاتی صحافت کے ذریعے سچ کا علم بلند کرنے والے روزنامہ ”مشرق“ نے فراڈ بھرتیوں کا معاملہ عوام کے سامنے لاکر ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا ہے، 3 نومبر کو جاری ہونےوالے اخبار اشتہار کے مطابق درجہ چہارم کے 25 بیلدار، 24 نائب قاصد اور 9 بلاوی کی خالی آسامیوں پر بھرتی ہونا تھے مگر مذکورہ اشتہار سے ہٹ کر بھرتیاں کرتے ہوئے بے پناہ مالی مفادات کے ساتھ ساتھ ادارے کی ساکھ کو بے پناہ نقصان میں مبتلا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔تاہم اس حوالے سے چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن نے بھرتیوں کا عمل مارچ 2023 کے اختتام پر مکمل کیا اور پرانی تاریخوں میں آرڈر جاری کردئیے ، 30دسمبر 2022 کو جاری کئے گئے پہلے آرڈر نمبر CO/MCL/2022/3150 کے مطابق ٹوٹل 24 بھرتیاں کی گئیں جن میں 22 نائب قاصد اور 2 بیلدار شامل تھے جبکہ دوسرا آرڈر 28 جنوری 2023 کو جاری ہوا، آرڈر نمبر CO/MCL/2023/173 کے مطابق 37 بھرتیاں کی گئیں جن میں 24 بیلدار، 9 بلاوی اور 4 نائب قاصد بھرتی ہوئے۔مذکورہ دونوں آرڈرز کے مطابق جو لوگ بھرتی ہوئے ہیں ان کی تعداد جریدے میں جاری ہونےوالے اشتہار کے برعکس ہےں۔ خبر کے موقف کےلئے جب کمشنر لاہور ڈویڑن کے نمبر پر رابطہ کیا گیا تو ان کے ماتحت نے فون اٹھا یا اور کہا ہے سر کسی میٹنگ میں مصروف ہیں جب فارغ ہوں گے تو بات کرا دوں گا۔