جیلوں میں پی ٹی آئی کے 500 سے 600 کارکن بندہیں،آئی جی جیل خانہ جات

لاہور(مرزا ندیم بیگ)پنجاب بھر کی جیلوں میں 500 سے 600 تک تحریک انصاف کے پکڑے جانے والے عہدیداران سمیت کارکنوں کو بند کروا دیا گیا ہے اس سے قبل جیلوں میں گنجائش نہیں تھی عید پر رہا ہونے والے قیدیوں کے بعد دو سے تین ہزار تک گنجائش بن گئی ۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد پارٹی عہدیداران اور کارکنان جن کے خلاف ملکی املاک کو نقصان پہنچانے جلاﺅ گھیراﺅ کرنے پر مقدمات درج کئے گئے ان کی گرفتاریوں کے بعد پنجاب بھر کی جیلوں میں اب تک پانچ سو سے600 تک کو بند کروا یا گیا ہے ،لاہور سنٹرل جیل اور کیمپجیل میں اب تک 34 بند کرائے گئے ۔

آئی جی پنجاب جیل خانہ جات میاں فاروق نزیر کا کہنا ہے کہ ہم اپنی ذمہ داریاں بخوبی سرانجام دے رہے ہیں موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے تمام ملازمین کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں ،تمام جیلوں میں سکیورٹی بھی فول پروف کر دی گئی ہے ،آئی جی جیل کا کہنا تھا کہ جیلوں میں پہلے گنجائش کم تھی لیکن عید پر دو سے تین ہزار رہائیاں ہوئی تھیں جس کے بعد اب جتنے جیلوں سے قیدی و حوالاتی رہا ہوئے ہیں ان کی جگہ گنجائش ہے دو ہزار مزید بھی آ جائیں تو ان کو بند کیا جا سکتا ہے ۔