سٹی ڈویژن:تھانہ ٹبی سٹی کی حدود میں منشیات کا کاروبار عروج پر،وارداتیں بھی معمول بن گئیں

لاہور(مرزا ندیم بیگ )سٹی ڈویژن تھانہ ٹبی سٹی کی حدود میں نشہ آور انجکشن، صمد بونڈ اور منشیات کا کاروبار عروج پر، اسکے علاوہ ڈائمنڈ مارکیٹ اور علی پارک سمیت اندرون شہر میں نشہ کرنیوالوں کی بھر مار ہے جس سے نہ صرف لوگ خوفزدہ رہتے ہیں بلکہ چوری کی وارداتیں بھی معمول بن گئی ہیں مقامی رہائشیوں کے مطابق عرصہ دراز سے منشیات اور نشہ آور انجکشن وغیرہ کا کاروبار یہاں چل رہا ہے پولیس نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں ایس پی سٹی کو ان کا مکمل چیک اینڈبیلنس رکھنے کی بجائے میں میٹنگ میں پوچھ گچھ کرنے اور احکامات جاری کرنے کے علاوہ صحیح معنوں میں لگتا ہے ایکشن نہیں کروا رہے، پولیس والے خانہ پری کرنے کی خاطر کارروائیاں ڈال کر مطمئن کر دیتے ہیں اسی وجہ سے علاقہ سے منشیات فروشوں،نشہ آور انجکشن فروخت کرنے والوں اور نشئیوں کا خاتمہ نہیں ہو سکا ،اندرون شہر کے رہائشیوں کا کہنا تھا کہ علی پارک سمیت مختلف مقامات پر نشئی سرعام اپنے جسم کے نازک اعضاءپر نشہ آور انجکشن لگاتے نظر آتے ہیں اس کے علاوہ چرس اور صمد بونڈ کا نشہ بھی عام ہو چکا ہے ،اس وجہ سے بچے اور نوجوان نسل تباہی کی طرف جا رہی ہے ہمارے بچے ان کو جب دیکھتے ہیں تو ہر وقت خوف لگا رہتا ہے کہ کہیں وہ بھی نشہ کے عادی نہ ہو جائیں بلکہ کئی گھروں کے چراغ اس کی وجہ سے گل بھی ہو چکے ہیں جبکہ پولیس اس طرف توجہ دینے کو تیار ہی نہیں افسران کو مطمئن کرنے کے خانہ پری کرتے ہوئے کارروائیاں ڈال دیتے ہیں اس کے بعد سب خاموشی اختیار کر لیتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نشہ کرنیوالوں پولیس جلدی پکڑنے کی ہمت نہیں کرتی کیونکہ ملازمین کا کہنا ہے کہ نشئی کو پکڑنے کا فائدہ نہیں الٹا نقصان ہوتا ہے کیونکہ حوالات میں بند کرنے پر شور شرابہ کرتے ہیں نشہ کی جب ان کو طلب ہوتی ہے تو ہمارے لئے مسلہ پیدا ہو جاتا ہے روٹی سے لے کر تمام اخراجات اپنی جیب سے کرنے پڑتے ہیں اس کے علاوہ ان کو کچھ کہہ بھی نہیں سکتے کیونکہ اگر کچھ ان کو ہو جائے تو وہ بھی مسلہ ہمارے لئے پیدا ہو جاتا ہے ،مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ ہماری وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے التجا ہے کہ اس طرف توجہ دی جائے اور ہمیں اس عذاب سے بچایا جائے ،اس حوالے سے ترجمان پولیس کا کہنا تھا کہ ایس پی سٹی کے احکامات پر منشیات فروشوں اور دیگر ذمہ داران کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں منشیات فروشوں کسی رعائت کے مستحق نہیں ان کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری ہے ۔