ساہیوال انتظامیہ گندم خریداری ٹارگٹ کے حصول میں بھرپور تعاون کریگی: کمشنر

ساہیوال (بےورورپورٹ)وفاقی سیکرٹری و ایم ڈی پاسکو کیپٹن (ر) سعید احمد نواز کی کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید سے ان کے آفس میں ملاقات، گندم خریداری کے حوالے سے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال، اوکاڑہ اور پاکپتن کی ضلعی انتظامیہ پاسکو کا گندم خریداری کا ٹارگٹ پورا کرنے کےلئے بھرپور تعاون کرےگی،کمشنر کی یقین دہانی۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید سے وفاقی سیکرٹری و ایم ڈی پاسکو کیپٹن (ر) سعید احمد نواز نے کمشنر آفس میں ملاقات کی اور گندم خریداری کی جاری مہم کے حوالے سے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ گندم خریداری کا ہدف پورا کرنے کےلئے ٹیم کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایم ڈی پاسکو کیپٹن (ر) سعید احمد نواز کو یقین دلایا کہ ساہیوال ڈویژن کے تینوں اضلاع کی انتظامیہ پاسکو کے گندم خریداری ٹارگٹ کے حصول کےلئے بھرپور تعاون کرے گی اور فوڈ سیکورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائےگا۔ انہوں نے کہا کہ گندم خریداری کا ہدف پورا کرنے کےلئے تمام متعلقہ محکمے اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں احسن انداز میں سر انجام دے رہے ہیں اور کاشتکاروں کو میرٹ کی بنیاد پر باردانہ تقسیم کیا گیا ہے تاکہ ڈویژن بھر میں باآسانی گندم خریداری کا ٹارگٹ پورا کیا جا سکے۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا گورنمنٹ محمودیہ ہائی سکول کا دورہ، سکول میں قائم کلاس نہم کے امتحانی سنٹر پرصفائی اور دیگر سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے گورنمنٹ محمودیہ ہائی سکول میں قائم امتحانی سنٹر کا دورہ کیا۔انہوں نے امتحانی سنٹر پر تعینات نگران عملہ کی حاضری اور امتحان میں شریک بچوں کی رول نمبر سلپس اور سیٹنگ پلان چیک کیا۔انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ امتحانی سنٹر پر صفائی اور روشنی کے انتظامات کئے جائیں۔کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ امتحان میں شفافیت کو برقرار رکھنے اور بوٹی مافیا کی حوصلہ شکنی کے لئے مانیٹرنگ کا عمل مسلسل جاری رکھا جائے۔