شہر میں گٹکا،سگریٹ اور دیگر نشہ آور اشیاءکی دھڑلے سے سرعام فروخت

لاہور (کاشف سندھو) لاہور شہر کی دوکانوں پر کھلے سگریٹ انڈین گٹکا ، چھالیہ اور مختلف نشہ آور اشیا کی سر عام فروخت جاری 18 سال سے کم عمر نوجوانوں کا تمباکو نوشی کی طرف رجحان خطرناک حد تک بڑھنے لگا متعلقہ ادارے خاموش ،نوجوان نسل تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی، نوجوان منہ اور معدے کے کینسر جیسے موزی مرض میں مبتلا ہونے لگے ۔ شہریوں کا کہنا ہے صوباءحکومت نے کھلے سگریٹ انڈین چھالیہ ،شیشہ اور گٹکا کی فروخت پر پابندی عائد کر رکھی ہے جس کے باوجود نشہ آور اشیا کی فروخت سر عام پولیس کی مبینی ملی بھگت سے جاری ہے شہر کے مختلف علاقوں خصوصاً اندرون شہر میں قائم پان سگریٹ کے کھو کھا جات اور دوکانوں میں کھلے سگریٹ ،چھالیہ ، شیشہ اور مختلف کیمیکلز اور نشہ آور اشیا سے تیار کردہ انڈین گٹکا کی فروخت مبینہ طور پر پولیس کی سرپرستی میں عروج پر ہے جو کہ منہ کا کینسر گردےکی پتھری ،انتڑیوں کا کینسر اور گلے کی بیماریوں کا باعث بن رہے ہیں۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر لاہور گٹکے کی فروخت کے حوالے سے لاہور شہر دفعہ 144 کے نفاذ کا مطالبہ کیا ہے اس کے ساتھ ہی ارباب اختیار سے گٹکا کی مختلف اقسام ،چھالیہ ،مختلف اقسام کی پتیوں اور کھلے سگریٹ کی فروخت پر باپندی پر سختی سے عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے، ہماری نوجوان نسل خصوصاً بچے بھی اس موزی لعنت سے محفوظ نہیں تعلیمی اداروں کے ارد گرد بھی کھلے سگریٹ ،پان اور گٹکا کی فروخت دھڑلے سےجاری ہے جبکہ شیر جوان نزرانہ لے کر خاموش تماشاءبنے بیٹھے ہیں مختلف تعلیمی اداروں میں کم عمر بچے گٹکا کھاتے اور تمباکو نوشی کرتے عام دیکھے جاسکتے ہیں۔ انتظامیہ چند روز تمباکو نوشی اور گٹکا کی فروخت کے حوالے سے مہم چلاتی ہے اس کے بعد پھر لمبی خاموشی اختیار کر لی جاتی ہے جس ان مضر صحت نشہ آور اشیا کی فروخت تو نہیں رکتی البتہ شیر جوانوں کے نذرانوں کا ریٹ بڑھ جاتا ہے۔ ان نشہ آور مختلف کیمیکلز سے تیار کردہ گٹکا اور کھلے سگریٹوں کے استعمال کی وجہ سے نوجوان نسل تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے مختلف نشہ آور کیمیکلز سے تیار کردہ گٹکا کھلے سگریٹ اور مختلف اقسام کی تمباکو کی پتیوں کی فروخت کے حوالے سے جن علاقوں میں مبینہ طور پولیس کی سرپرستی میں فروخت کی جاتی ہیں ان میں اندرون موچی ،شاہ عالمی اندرون لوہاری گیٹ ، بھاٹی گیٹ ، ٹبی سٹی ،اسلام پورہ ،چوہان روڈ ،راج گڑھ ،بھلہ سٹاب اور گلشن راوی،کریم پارک ،داتا دربار کے علاقے قابل ذکر ہیں۔ شہریوں نے کمشنر لاہور ، ڈپٹی کمشنر اورآئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ نشہ آور اشیا فروخت کرنے والے دوکانداروں کے خلاف سخت قانونی کارواءکی جاے تاکہ نوجوان نسل کو ان نشہ آور اشیا کا عادی بننے سے بچایا جا سکے۔