میٹروپولیٹن کارپوریشن: درجہ چہارم کی خفیہ رکھی گئیں 5 درجن کے قریب بھرتیوں کا پردہ فاش
لاہور ( نوید چودھری) حالیہ سیاسی عدم استحکام کے دور میں میٹروپولیٹن کارپوریشن میں درجہ چہارم کی 5 درجن کے قریب تا حال خفیہ رکھی گئی بھرتیوں کا بھانڈا پھوٹ گیا۔ چیف کارپوریشن آفیسر علی عباس بخاری نے کمال ہوشیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اندر کھاتے بھرتیوں کو مبینہ طور پر ایک کروڑ سے زائد میں فروخت کر دیا ہے۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ درجہ چہارم کی بھرتیوں کےلئے درخواستیں وصول کرنے کے دوران سیاسی عدم استحکام شدید ہو چکا تھا تاہم بعد ازاں نگران حکومت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انتہائی خفیہ انداز میں سیٹوں کو فروخت کرنے کےلئے منڈی لگائی گئی۔ انکشاف ہوا ہے کہ غیر شفاف متنازعہ بھرتیوں کےلئے فی کس 5 لاکھ روپے تک وصول کئے گئے ہیں لیکن یہاں اس سے بھی زیادہ حیران کن اور قابل تشویش بات یہ ہے کہ نئے بھرتی ہونےوالے نائب قاصد احسان علی کو چیف منسٹر آفس کی حمایت حاصل ہونے پر گریڈ 16کے انفورسمنٹ انسپکٹر کی ذمہ داریاں تھما دی گئی ہیں۔ روزنامہ ”مشرق“ کو باوثوق ذرائع سے حاصل ہونےوالی معلومات کے تحت نئی بھرتیوں کا معاملہ سپیشل آڈٹ ٹیم سے بھی خفیہ رکھا گیا ہے اور چیف کارپوریشن آفیسر علی عباس بخاری کی جانب سے مسلسل جھوٹ بولتے ہوئے گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے کافی عرصے سے کوئی نئی بھرتی عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔دوسری طرف مذکورہ خبر کے موقف کے سلسلے میں جب چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن علی عباس بخاری سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے خبر نہ لگانے کےلئے اصرار کرتے ہوئے کہا کہ خبر نہ لگا کر مجھ پر احسان کردیں، بہت مہربانی ہو گی۔



















