کچہ آپریشن کیلئے بھجوائی گئی تازہ دم نفری کو ”عطائے علم“کی تقریب

لاہور(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کچہ آپریشن کیلئے پنجاب پولیس کی تازہ دم نفری سنٹرل پولیس آفس میں ”عطائے عَلم“ کی پروقار تقریب کے بعد جنوبی پنجاب روانہ کردی ہے۔ پولیس کے تازہ دم دستوں میں ایلیٹ کمانڈوز، سنائپرز، سپیشل آپریشن یونٹ اور پنجاب کانسٹیبلری کے جانباز شامل ہیں اور پولیس دستے جدید ترین ہتھیاروں،سنائپر گنز، بلٹ پروف جیکٹس سمیت آپریشن کے مکمل سازو سامان سے لیس ہیں،آئی جی پنجاب نے کہاکہ آج ایک ہزار تازہ دم نفری کچہ کیلئے جنوبی پنجاب روانہ کی گئی جبکہ قریبا مزید دو ہزار جانباز کل کچہ روانہ ہو جائیں گے، آئی جی پنجاب نے ’عطائے عَلم“ کی سینہ گرما دینے والی تقریب میں پنجاب پولیس کا پرچم نفری کمانڈر کے سپرد کیااور جوانوں سے مصافحہ کرتے ہوئے انہیں سنٹرل پولیس آفس سے بسوں میں بٹھا کر روانہ کیا،آئی جی پنجاب نے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاپنجاب پولیس کے جانباز کچے کے علاقے سے ڈاکوو¿ں، راہزنوں، بدمعاشوں اور ملک دشمن عناصر کے قلع قمع کا انتہائی اہم قومی فریضہ بھرپور تندہی کے ساتھ اداکر رہے ہیں اور پولیس ٹیموں کی معاونت اور جذبے کو بڑھانے کیلئے جدید سازو سامان اور سہولیات سے لیس پولیس نفری کے تازہ دم دستے بھی کچہ بھجوا دئیے گئے ہیں، آئی جی پنجاب نے کہامیرا یقین کامل ہے پنجاب پولیس کچہ کی کمین گاہوں سے ڈاکوو¿ں، دہشت گردوں اور بدمعاشوں کے خاتمے میں کسی غفلت یاسستی کا مظاہرہ نہیں کرے گی۔