بجلی کی قیمت میں 6 پیسے فی یونٹ کمی، نیپرا نے منظوری دیدی

اسلام آباد (مشرق نیوز) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 6 پیسے کمی کی منظوری دےدی۔ نیپرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو فروری کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ چارجزکی مد میں 6 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دی گئی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ اتھارٹی نے 85 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی۔ اتھارٹی نے 30 مارچ 2023 کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی تھی۔نیپرا کا کہنا ہے کہ اس سے قبل جنوری کا ایف سی اے صارفین سے 48 پیسے فی یونٹ اضافے کے ساتھ چارج کیا گیا تھا جو کہ صرف ایک ماہ کےلئے تھا۔ فروری کا ایف سی اے جنوری کی نسبت 48 پیسے فی یونٹ کم چارج کیا جائےگا۔ اس کا اطلاق صرف اپریل کے بلوں پر ہوگا۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق کمی کا اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین، 300 یونٹس تک گھریلوصارفین ،زرعی صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ سٹیشنز پر ہوگا تا ہم کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔