ریلوے پولیس مسافروں کو ریلیف کیلئے پرعزم: 3 ماہ میں 44 گمشدہ بچے، 10 لاکھ کا سامان ورثاءکے سپرد

لاہور (اپنے نمائندے سے) پاکستان ریلویز آئی جی پولیس کا مسافروں کو ریلیف فراہم کرنے کا عزم ، ہیلپ ڈیسک ریلویز پولیس لاہور سٹیشن کی طرف سے 3 ماہ میں 44 گمشدہ بچے، بچیاں اور 10 لاکھ سے زائد مالیت کا سامان ورثا ءکے سپرد،جسمانی طور پر کمزور، بیمار اور ضعیف عمر 444 مسافروں کو وہیل چیئر اور  12مسافروں کوسٹریچر فراہم کئے گئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلویز کی جانب سے ملک بھر کے ریلوے سٹیشنوں پر مسافروں کی جان و مال کے تحفظ اور مریض مسافروں کو طبی امداد کی سہولیات کی فراہمی کی خاطر ہیلپ ڈیسک قائم کر رکھے ہیں جن میں چوبیس گھنٹے سٹاف ڈیوٹی پر موجود رہتا ہے۔ آئی جی ریلویز پولیس کی جانب سے دی جانے والی ہدایات پر مسافروں کو ریلیف فراہم کرنے کی خاطر ریلویز پولیس کے افسران اور اہلکار دن رات ذمہ داری سرانجام دے رہے ہیں اس حوالے سے رواں سال کے ابتدائی تین ماہ کے دوران یکم جنوری سے 31 مارچ تک ریلویز پولیس نے 26 گمشدہ بچیوں اور 18 بچوں کو اپنے گھر والوں سے ملوادیا۔ تقریباً 11 لاکھ مالیت کا گمشدہ سامان حقیقی مالکان کے حوالے کیا گیا جس میں لیپ ٹاپ، موبائل فونز، کاسمیٹکس، آرٹیفیشل جیولری اور زنانہ/مردانہ کپڑے شامل ہیں کل 119 گمشدہ بیگز ہیلپ ڈیسک کو موصول ہو ئے جن میں 74 بیگز کو حقیقی مالکان کے حوالے کیا گیا،جبکہ 44 عدد بیگز کو لاسٹ پراپرٹی آفس جمع کروایا گیا اس کے علاوہ بیٹریوں سے بھرا ایک بیگ  جس کی مالیت 40000 روپے ہے کو حقیقی مالک کے حوالے کیا گیا ان 3 ماہ کے دوران جسمانی طور پر کمزور، بیمار اور ضعیف عمر 444 مسافروں کو وہیل چیئر اور  12مسافروں کو سٹریچر فراہم کئے گئے۔گمشدہ 2 عدد لیپ ٹاپس اور 8 عدد موبائل فونز حقیقی مالکان کے حوالے کئے گئے ۔ ریلویز پولیس کی جانب سے ملک بھر کے ریلوے سٹیشنوں پر قائم ہیلپ ڈیسکس ریلوے مسافروں کےلئے کسی نعمت سے کم نہیں ہیں جو مسافروں کو بروقت امداد فراہم کرتے ہیں اور ان کی خدمات کو اپنا اولین فریضہ سمجھتے ہیں۔ ریلوے سٹیشنوں میں قائم یہ ہیلپ ڈیسک گمشدہ بچے اور بچیوں کیلئے عارضی پناہ گاہ کے طور پر کام کرتے ہیں جہاں انکو ورثاءکے حوالے کرنے سے پہلے حفاظت کے ساتھ ٹھہرایا جاتا ہے اور ان کیلئے بلا معاوضہ مناسب کھانے پینے کا بندوبست بھی کیا جاتا ہے۔ اسکے علاوہ مسافروں کے گمشدہ سامان کو حقیقی مالک تک پہنچانے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔