پنجاب پولیس میں محکمانہ ترقیاں جاری: 184سب انسپکٹرز کو انسپکٹرز کے عہدے پر ترقی دیدی گئی
لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب پولیس میں محکمانہ ترقیوں کے اجلاس باقاعدگی سے جاری ، 184سب انسپکٹرز کی انسپکٹرز کے عہدے پر ترقی کی منظوری دےدی گئی۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان نے سب انسپکٹرز سے انسپکٹر رینک ترقی کے نوٹیفیکیشن پر دستخط کر دئیے ، فورس کے نام خصوصی پیغام بھی جاری کر دیا۔ انہوںنے کہا کہ آج بروز جمعے سے پروموشن بورڈ کا اجلاس دوبارہ منعقد ہوگا اور اگلے ہفتے میں 506 ٹریفک وارڈنز کو سینئر ٹریفک وارڈنز کے عہدے پر ترقی دی جائے گی ،15اپریل سے صوبے کی تمام رینجز میں ترقیوں کا سلسلہ شروع ہوگا جس میں 460سے زیادہ سب انسپکٹرز بنائیں جائیں گے۔ 500سے زیادہ اے ایس آئیز اور 900سے زیادہ ہیڈ کانسٹیبل بناتے ہوئے مجموعی طور پر ایک ہزار سے زائد ترقیاں دی جائیں گی ۔ جبکہ 1000سے زائد خالی ہونے والی کانسٹیبلز کی آسامیوں پر دوران سروس انتقال کرنے والے ملازمین کے بچوں کو بھرتی کیا جائے گا۔ باقی بچ جانے والے سیٹوں پر میرٹ کے مطابق قابل نوجوانوں کو بھرتی کرکے پولیس فورس کا حصہ بنایا گا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ جن ملازمین کی ترقیاں اے سی آرز یا کسی دیگر دستاویزات کی عدم دستیابی کے باعث تاخیر کا شکار ہوئی وہ فورا سنٹرل پولیس آفس رابطہ کریں ،ان تمام ترقیوں کا مقصد کسی کا انفرادی فائدہ نہیں بلکہ پوری فورس کے مورال کو بلند کرنا ہے ، ان ترقیوں کے جواب میں محکمہ افسران و اہلکاروں سے پہلے سے زیادہ محنت سے فرائض کی ادائیگی کا وعدہ چاہتا ہے ،مظلوموں کو ظالموں سے بچانے اور شہریوں کی خدمت و حفاظت میں کوئی کسر نہ اٹھا جائے،پنجاب کانسٹیبلری میں زبردستی فوری طور پر بھیجنے کی شرط بھی ختم کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نئے ولولے اور جوش کے ساتھ شہریوں کو انصاف کی بآسانی فراہمی کو یقینی بنائیں ،تمام تر توجہ لوگوں کی خدمت ، حفاظت اور انصاف کی فراہمی پر مرکوز کی جائے۔ فورس دل و جان سے شہریوں کی خدمت کرے، انکی ترقیوں و حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات میں کمی نہیں آئےگی۔


















