سیفٹی کلچر کو فروغ دینے کیلئے رویوں میں مثبت تبدیلی کی ضرورت ہے:ڈاکٹر رضوان نصیر

لاہور (کرائم رپورٹر) سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ نے ماہ مارچ2023 کے دوران پنجاب بھر میں سات منٹ کے اوسط رسپانس ٹائم کے ساتھ140551ایمرجنسیز کو رسپانڈ کرتے ہوئے135960متاثرین کو سروسزفراہم کیں۔انہوں نے کہا کہ140551 ایمرجنسیزمیں 34771 روڈ ٹریفک حادثات، 85825میڈیکل ایمرجنسیز،1608آتشزدگی کے واقعات، 3504جرائم کے واقعات، 72 ڈوبنے کے واقعات،66عمارتیں گرنے،997جانوروں کو ریسکیو کرنے اور13708 متفرق آپریشن شامل ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ ماہانہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں ریسکیو ہیڈ کوارٹرز اور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے تمام ونگز کے سربراہان نے شرکت کی۔اس موقع پر صوبائی مانیٹرنگ سیل کے سربراہ نے سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیرکو ماہانہ ایمرجنسی کے اعدادوشمار سے آگاہ کیا۔ انہیں بتایا گیا کہ گزشتہ ماہ کے دوران پنجاب میں 34771 روڈ ٹریفک حادثات پیش آئے جن میں309 افراد جاںبحق ہوئے۔ ان ٹریفک حادثات میں سے زیادہ تر ٹریفک حادثات 7789 لاہور میں ہوئے جن میں33 افراد ہلاک ہوئے۔ اسی طرح فیصل آباد میں2597،ملتان میں2389، گوجرانوالہ میں2065، راولپنڈی میں1346 ،شیخوپورہ میں1245جبکہ باقی 30اضلاع میں17340 روڈ ٹریفک حادثات پیش آئے۔اسی طرح آگ کے زیادہ تر واقعات بڑے اضلاع میں ہوئے جن میں لاہور میں414، فیصل آباد میں133، راولپنڈی میں100، گوجرانوالہ میں90،ملتان میں89 اورشیخوپورہ میں52 رپورٹ ہوئے ۔ ڈاکٹر رضوان نے ایمرجنسی کے اعداد و شمار کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد گزشتہ ماہ کے دوران34771روڈ ٹریفک حادثات میں 309 افراد کی ہلاکتوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے پنجاب کے تمام ضلعی ایمرجنسی افسران کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں خاص طور پر افطار، تراویح اور نماز جمعہ سے پہلے اور بعد میں چوکس رہنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان صبر اور برداشت کا مہینہ ہے اور ہم اس مقدس مہینے کی روحانی تعلیم جو کہ صبر، برداشت ،ایثار اور درگزر ہے کو اپنا کر ٹریفک حادثات کو کم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صوبائی مانیٹرنگ سیل افطار کے اوقات سے ایک گھنٹہ پہلے اور بعد میں ضلعی کنٹرول رومز کی نگرانی اور کام کو یقینی بنائے گا جو کہ رمضان المبارک کے دوران ٹریفک حادثات کے حوالے سے انتہائی خطرناک اوقات تصور کیے جاتے ہیں۔ ڈاکٹررضوان نصیرنے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے کم عمر بچوں کو موٹر سائیکل یا گاڑی چلانے کی اجازت ہرگزنہ دیں۔ ڈاکٹر رضوان نے مزید کہا کہ حادثات کی روک تھام اور سیفٹی کلچر کو فروغ دینے کیلئے رویوں میں مثبت تبدیلی کی ضرورت ہے۔