مستحق افراد کو معیاری آٹا فراہمی میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائےگی:اظفر علی ناصر
ساہیوال (چودھری اشرف سے) نگران صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور بیرسٹر سید اظفر علی ناصر کی زیر صدارت ساہیوال ڈویژن میں آٹے کی تقسیم کو مزید بہتر بنانے کیلئے اجلاس منعقد ہوا جس میں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید،آر پی او محبوب رشید،ڈپٹی کمشنراکرام الحق اور ڈی پی او فیصل شہزاد نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران صوبائی وزیر نے گزشتہ روز آٹے کی تقسیم کے دوران خاتون کی ہلاکت پرافسوس کا اظہار کیا اور واقعہ کی شفاف تحقیقات کر کے تحقیقاتی رپورٹ کل تک پیش کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی نفری اور کا¶نٹرز کی تعداد کو بڑھا کر دگنا کیا جائے اور پولیس اور ضلعی انتظامیہ آٹا فراہمی مراکز پر نظم و ضبط کو یقینی بنائے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ مفت آٹا سنٹرز پر ہجوم کنٹرول کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سمیت تمام صوبائی وزراءاور سیکرٹریز فری آٹا پوائنٹس کے دورے کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر مفت آٹے کے سنٹرز پر صبح 6 بجے سے آٹا فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ مفت آٹے کی تقسیم نگران حکومت کا عوام دوست اقدام ہے جس کے تحت اب تک پنجاب بھر میں آٹے کے ڈیڑھ کروڑ سے زائد تھیلے شہریوں میں تقسیم کئے جا چکے ہیں۔صوبائی وزیر اظفر علی ناصر نے کہا کہ مفت آٹے کی تقسیم کا عمل 25رمضان المبارک تک جاری رہےگا اور مستحق افراد کو معیاری آٹا فراہم کرنے میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائےگی۔انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ آٹا تقسیم کے دوران شہریوں کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے۔بعدازاں نگران صوبائی وزیر اوقاف، مذہبی اموربیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے ساہیوال میں گزشتہ روز مفت آٹا تقسیم سنٹر پر زخمی ہونے والی خواتین کی عیادت کےلئے ٹیچنگ ہسپتال ساہیوال کابھی دورہ کیا۔ انہوں نے آئی سی یو وارڈ میں زیر علاج خواتین کی تیمارداری کی اور لواحقین سے علاج کی سہولیات بارے دریافت کیا۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید،آر پی او محبوب رشید، ڈی پی او فیصل شہزاد، پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر عمران حسن خان اور ایم ایس ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر مشتاق احمد سپرا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عمران حسن خان نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ گزشتہ روز واقعہ میں زخمی ہونے والی24 خواتین میں سے22کو طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا ہے جبکہ دو خواتین زیر علاج ہیں۔ صوبائی وزیر نے ہسپتال کی ایمرجنسی اور بلڈ بنک کا بھی دورہ کیا ہسپتال میں زیر علاج مریضوں سے علاج معالجے کی سہولیات بارے دریافت کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اوقاف، مذہبی امور بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے کہا کہ گزشتہ روز افسوس ناک واقعہ میں وفات پانے والی خاتون کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور اس افسوس ناک واقعہ کی انکوائری کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو شفاف انکوائری کے بعد حقائق سامنے لائے گی اور ذمہ داروں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے غریب عوام کو مفت آٹا کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے جو 25رمضان تک جاری رہے گا اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو آٹا کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے تمام سنٹرز پر انٹری پوائنٹس بڑھا دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے معذور افراد، بزرگوں اور خواتین کے لئے علیحدہ انتظامات کئے گئے ہیں اور تمام سنٹرز پر ہیلتھ کاونٹرز قائم کئے گئے ہیں جہاں کارڈیک اور بلڈ پریشر سمیت دیگر ادویات وافر مقدار میں فراہم کی گئی ہیں کیونکہ انسانی زندگی سب سے قیمتی ہے۔



















