حکومت 7 دن میں 1990 سے 2001 تک توشہ خانہ ریکارڈ پبلک کرے،لاہور ہائیکورٹ کاتحریری فیصلہ

لاہور (کورٹ رپورٹر)حکومت 7 دن میں 1990 سے 2001 تک توشہ خانہ ریکارڈ پبلک کرے،لاہور ہائیکورٹ کاتحریری فیصلہ،تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کا 1990 سے 2001 تک کا ریکارڈ پبلک کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

جسٹس عاصم حفیظ نے شہری منیر احمد کی درخواست پرجاری کیے فیصلے میں کہاحکومت 1990 سے 23 مارچ 2023 تک تحائف دینے والوں کا نام بھی 7 یوم میں پبلک کرے، تحائف کی ملکیت حکومت کے پاس ہوتی ہے۔

تب تک حکومت کے پاس ہوتے ہیں جب تک لینے کا طریقہ نہ اختیار کیا جائے،فیصلے میں کہا گیا تحائف کا چھپانا یا قیمت ادا نہ کرنا غلطی ہے جو خرابی کی رغبت دیتی ہے۔

توقع کی جاتی ہے جنہوں نے تحائف لیے وہ رضاکارانہ طور پر ڈکلیئرکریں ایسا نہ کرنیوالوں کیخلاف فوجداری ایکشن ہو سکتا ہے، کوئی قانون سے بالا تر نہیں اور نہ کسی کو اپنے فائدے کیلئے ریاست کو نقصان پہنچانے کی اجازت ہے۔

تحریری فیصلے میں مزید کہا گیاتحائف دینے والے کی شناخت کوئی سٹیٹ سیکرٹ نہیں اور نہ ہی مقدس معلومات ہیں، استثنیٰ مانگنا نو آبادیاتی ذہنیت کے علاوہ کچھ نہیں، صرف توشہ خانہ کی معلومات عوام کیساتھ شیئر کرنے سے بین الاقوامی تعلقات خراب نہیں ہوں گے۔