تیسرے آپشن کو موقع نہ دیں،حکومت کی عمران خان کو پھر مذاکرات کی پیشکش

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) حکومت نے ایک بار پھر عمران خان کو مذاکرات کی پیشکش کردی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کسی تیسرے آپشن کیلئے حالات ساز گار نہ بنائیں، آئیں! ملک کیلئے بیٹھ کر بات کریں، گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کی ضرورت ہے۔

راستے نکالیں، لوگوں کے گریبان نہ پکڑیں، پاکستان سنگین سیاسی و معاشی بحران کے دہانے پر کھڑا ہے، معاشی بحران سے نمٹنے میں خاطر خواہ مدد نہیں مل رہی، وزیر خزانہ معاشی صورتحال میں بہتری کیلئے دن رات کام کررہے ہیں، بحیثیت قوم کفایت شعاری کی طرف چلنا ہوگا،ٹیکس کلچر بہتر بنانا و ایکسپورٹ میں اضافہ ترجیح ہونی چاہئے، اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہاملک میں سیا سی بحران کی کیفیت ہے ، 2 اسمبلیاں ایک شخص کی انا کی بھینٹ چڑھ گئیں، اسمبلیاں تحلیل ہونے کے بعد کی صورتحال، دہشت گردی واقعات میں اضافے کو مد نظر رکھتے ہوئے 2صوبوں میں الیکشن کی بات آئی تو ایک طرف کی سوچ تھی اگر ایک شخص کی خاطر 2 صوبوں میں الگ سے الیکشن کرایا جائے گا تو ہمیشہ متنازع رہیگا ، 18 ویں ترمیم کے بعد آئین میں نگران حکومتوں کا طریقہ کار سمو دیا گیا ، پورے ملک میں انتخابات ایک ہی دن ہونے ہیں اسی آئین کے تحت پنجاب میں اتفاق رائے نہ ہونے پر الیکشن کمیشن ، کے پی کے میں اتفاق رائے سے نگران حکومت کا قیام عمل میں آیا ، 272 کے ہائوس میں پنجاب کی نشستیں 141 اور کے پی کے کو شامل کرلیں تو بڑا حصہ بن جاتا ہے، ملک میں سول سوسائٹی کی مہم چل رہی ہے ایک ہی وقت میں الیکشن ہونے چاہئیں۔

الیکشن کمیشن کا فیصلہ بہترین ہے کیونکہ ملک کے معروضی حالات اسی فیصلے کے متقاضی ہیں، ملک میں سکیورٹی چیلنجز ، شدید معاشی بحران ہے ، حکومتی و عسکری اداروں نے الیکشن کمیشن کو واضح بتادیا 2 الگ الگ انتخابات پر الگ سے اخراجات آئیں گے، آئین کے آرٹیکل 254 میں لکھا گیا اگر کوئی کام مقررہ مدت میں مکمل نہیں کیا جاتا تو غیرآئینی نہیں ہوگا ، 2007ء میں کے پی کے اسمبلی کی تحلیل اکتوبر میں ہوئی، باقی اسمبلیوں کی مدت 16 نومبر کو مکمل ہوئی، الیکشن کمیشن نے تب بھی چاروں صوبوں و مرکز میں ایک ہی دن الیکشن کرائے تھے ، بینظیر بھٹو کی شہادت کی وجہ سے الیکشن فروری کے آخر میں چلے گئے اسی 254 آرٹیکل کے تحت فیصلہ کیا گیا، وفاقی وزیر نے کہاپاکستان کی تاریخ میں مرکز و صوبوں کے الیکشن ایک ہی دن ہوتے رہے ہیں ، آرٹیکل 218 کی سیکشن3 کے تحت الیکشن کمیشن کا فرض ہے الیکشن شفاف ، غیرجانبدرانہ ہوں، ایک مرتبہ ہی الیکشن ہونے سے تمام سیاسی جماعتوں کو مساوی ماحول فراہم کیا جاتا ہے، الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں دہشتگردی کا حوالہ بھی دیا ۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے 2 صوبوں میں الیکشن کے التو اء پر تنقید کی بجائے آئیں بیٹھ کر حل نکالیں،صدر مملکت کی جانب سے الیکشن شیڈول دیئے جانے کے بعد جب الیکشن کمیشن نے زمینی حقائق کا جائزہ لیا تو ملک کی معاشی، سکیورٹی و سیاسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے 8 اکتوبر کا شیڈول دیا اس وقت تک قومی اسمبلی بھی تحلیل ہو چکی ہوگی،الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن میری رائے میں بہترین فیصلہ ہے،2صوبوں میں اگر الگ الیکشن کرایا گیا تو مستقل بحران کی شکل اختیار کرلے گا، ملک کا معاشی استحکام سیاسی استحکام سے جڑا ہے اگر عمران خان گرینڈ سیاسی ڈائیلاگ کرانا چاہتے ہیں تو آئیں حکومت تیار ہے،عمران خان نے 4 سال میں جو کچھ کیا، مل بیٹھے تو سب باتیں ہوں گی، سیاسی ہیٹ میں ہونے والے انتخابات خونی ہوں گے، قومی و صوبائی اسمبلی کے اکٹھے انتخابات میں صرف ایک اضافی بیلٹ پیپر درکار ہوتا ہے، کیا بھلے والی بات نہیں انتخابات ایک ساتھ ہوں؟، الیکشن کمیشن خودمختار ،بااختیار ادارہ ہے ، الیکشن کمیشن ہر طریقہ استعمال کرسکتا ہے۔

سیاست کی بنیاد ہی گفت و شنید پر ہے ، بدقسمتی سے عمران خان اپنی انا ، سوچ اور نظریہ رکھتے ہیں، پونے 4سال تک عمران خان نے اپوزیشن سے مصافحہ تک نہیں کیا، آئین کہتا ہے اپوزیشن سے بات کریں تو بات نہیں کی ، ملک ایسے چلتے ہیں ؟ اگر عمران خان کو سمجھ آگئی ہے تو اچھی بات ہے، ریاست سب سے پہلے ہے، پاکستان کیلئے اکٹھے بیٹھیں ، سیاسی عہدے لینے سے کسی نے بڑ سکور نہیں کر لینا،جمہوری نظام کو چلنے دیں ،زیرک سیاستدان ہمیشہ اپنے دروازے اور راستے کھلے رکھتے ہیں۔