ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں خیبر پختونخواہ کے افسران کی تربیت
لاہور (کرائم رپورٹر) کنٹری ڈائریکٹر اسلامک ریلیف آصف شیرازی کی قیادت میں 38 ارکان پر مشتمل وفد جس میں خیبرپختونخوا ہ کے 26 سرکاری افسران اور اسلامک ریلیف پاکستان کے 12 افسران شامل تھے ریسکیو ہیڈ کوارٹرز اور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کا دورہ کیا۔ افسران کوایمرجنسی سروسزکی تربیت ، کام اور مانیٹرنگ سسٹم کے بارے میں آگاہ کیا گیا ۔وفد کے شرکاءکو پرائم منسٹر پاک لائف سیور پروگرام کے تحت سی پی آرکی تربیت کے علاوہ کمیونٹی ایکشن فار ڈزاسٹر ریسپانس کورس کی بھی آگاہی دی گئی تاکہ ایمرجنسی رسپانس کو بہتر بناتے ہوئے آفات سے نمٹنے کےلئے مقامی سطح پر کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں قائم کی جا سکیں۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے وفد کے شرکاءکو ریسکیو 1122 کے جامع نظام کے بارے میں بتایا جس کے تحت حادثات سے بچاﺅ و تیاری اورحادثات پر رسپانس کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں میں ایمرجنسی سروسز کا قیام، کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں کی تربیت اورسیفٹی کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے وفد کوریسکیو 1122 کی تاریخ اور پاکستان میں ایمرجنسی سروسز ریفارمز اور پنجاب ایمرجنسی سروس کی کامیابی کی وجوہات کے بارے آگاہ کیا۔ انہوں نے ریسکیو 1122 کی کارکردگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفد کے شرکاءکو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور سے بطورپائلٹ پراجیکٹ ہونےوالی ایمرجنسی سروس نے 12کروڑ سے زائد ایمر جنسی متاثرین کو ریسکیو کرنے کے ساتھ ساتھ فائر ریسکیو سروس نے 2 لاکھ6ہزار سے زائد فائر ایمر جنسیزکوبھی ریسپانڈ کیا اور جدید خطوط پر پیشہ ورانہ فائر فائٹنگ کی بدولت آگ پر قابو پاتے ہوئے 606 ارب روپئے مالیت سے زائد کے ممکنہ نقصانات کو بھی ہونے سے بچایاہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایمر جنسی سروسز اکیڈمی پاکستان کے تمام صوبوں اور دیگر ممالک سے ایمر جنسی سروسز کے اہلکاروں کو تربیت دے رہی ہے اور اب اکیڈمی کی پاکستان ریسکیو ٹیم جنوبی ایشیا میں پہلی اقوام متحدہ کی انسراگ کلاسیفائیڈ ٹیم بن چکی ہے اورپاکستان ریسکیو ٹیم نے ترکیہ کے زلزلے میں بین الاقوامی رسپانس کرتے ہوئے بہت سے متاثرین کو زندہ نکالا۔ کنٹری ڈائریکٹر اسلامک ریلیف آصف شیرازی نے ریسکیو 1122 پنجاب کے ماڈل اورپنجاب و دیگر صوبوں کے ایمرجنسی سٹاف بشمول صوبہ خیبرپختونخواہ کی تربیت کےلئے ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے انسراگ سرٹیفیکیشن کےلئے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز کو مبارکباد بھی دی۔ وفد کی جانب سے آصف شیرازی نے خیبرپختوخواہ کے افسران کےلئے معلوماتی دورے اور سی پی آر و بلیڈنگ کنٹرول جیسی جان بچانے کی ضروری عملی مہارتوں کی تربیت فراہم کرنے پر ریسکیو 1122 کا شکریہ ادا کیا۔قبل ازیں وفد کو ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں جاری تربیتی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی جن میں فائر، ریسکیو، میڈیکل، ڈیپ ویل ریسکیو، برن ہا¶س، فائر فٹ چیلنج، ہائیٹ ریسکیو، واٹر ریسکیو، سوئمنگ، اربن سرچ اینڈ ریسکیواور جسمانی فٹنس کی خصوصی تربیتی سرگرمیاں شامل ہیں۔ وفد کو پنجاب کے تمام اضلاع میں سروس کے یکساں معیار کو یقینی بنانے کےلئے قائم کئے گئے پراونشل مانیٹرنگ سیل کے 24گھنٹے کام کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔



















