لاہور (رپورٹ: نعیم جاوید/ عکاسی: واحد شہزاد) لاہور کی تاجر برادری نے حکومت کے رمضان پیکیج کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے سفید پوش طبقے کےلئے ریلیف دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ روزنامہ ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر تاجر رہنماﺅں میاں سلیم، سید ممتاز حسین بخاری، میاں خلیل عبیر اور عمر قریشی نے کہا کہ مہنگائی نے سفید پوش طبقے کو کچل کر رکھ دیا ہے مگر افسوس حکومت نے مفت آٹے کے لالی پاپ کے چکر میں آٹے کی قیمت میں دوگنا اضافہ کردیا ہے۔ مفت آٹا نہ صرف غیر معیاری ہے بلکہ اسکے حصول کیلئے قوم کی مائیں بہنیں خوار ہورہی ہیں۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سبسڈی آٹے کی پرانی قیمت کم از کم رمضان المبارک کے مہینے میں بھی بحال کی جائے۔ اسکے علاوہ دیگر اشیاءخوردنوش کی قیمتوں میں کم از کم 50 فیصد کمی کی جائے تاکہ سفید پوش طبقہ باعزت طریقے سے روزے رکھ سکے یوٹیلیٹی سٹوروں کے اوقات کار رات 10 بجے تک کئے جائیں۔ دوسری طرف سبسڈی آٹے کی قیمت میں 500 روپے فی 10 کلو اضافہ سے عوام اور دکانداروں کے درمیان تلخ کلامی اور لڑائی جھگڑے کے واقعات ہوتے رہے۔ کئی علاقوں میں عوام کی طرف سے شدید احتجاج بھی کیا گیا۔
تاجر رہنماﺅں کا سفید پوش طبقے کو حقیقی ریلیف دینے کا مطالبہ



















