لاہور ( خبر نگار) آوارہ کتوں کے بچوں کو کاٹنے کے واقعات میں اضافے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر، عامر بٹ نے رانا سکندر ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی۔ درخواست میں پنجاب حکومت ، سیکٹری صحت ، سی سی پی او لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں آوارہ کتوں کے بچوں کو کاٹنے میں اضافی ہوگیا ہے۔ درخواست گزار کے 9 سالہ بیٹے کو بھی کتے نے کاٹ لیا تھا ،سروسز ہسپتال سے ویکسین لگوائے گئے۔ آوارہ کتوں کو تلف کرنا لائیو اسٹاک اور پولیس کا کام ہے،انتظامیہ کی جانب سے آوارہ کتوں کے خلاف آپریشن نہ کرنے سے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے۔
ہیلتھ ریسرچ انسٹی ٹیوشن آف پاکستان کے مطابق آوارہ کتوں کے کاٹنے سے پاکستان میں سالانہ پانچ ہزار بچوں کی موت واقع ہوجاتی ہے۔ درخواست گزار کا یہ بھی کہنا ہے کہ آوارہ کتوں کے جھرمٹ علاقوں میں پھر رہے ہوتے ہیں،متعلقہ محکموں کو درخواست دی لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔عدالت آوارہ کتوں کو تلف کرنے کے احکامات جاری کرے۔
آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ،ہائیکورٹ میں درخواست دائر



















