پٹرول دھماکے کے بعد عوام کو ایک اور جھٹکا،بجلی3.23روپے یونٹ مہنگی

اسلام آباد (بیورورپورٹ)پٹرول دھماکے کے بعد عوام کو ایک اور جھٹکا،بجلی3.23روپے یونٹ مہنگی،تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی زیر صدارت سرچارج میں اضافے کیلئے وفاقی حکومت کی درخواست پر سماعت ہوئی،درخواست میں کہا گیاایک روپے 43 پیسے فی یونٹ سرچارج سے ضرورت پوری نہیں ہوسکتی۔
سرچارج 3 روپے 23 پیسے فی یونٹ تک بڑھایا جائے، ممبر نیپرا خیبرپختونخوا مقصود انور نے کہا معاملہ کہاں تک جائیگا،کل مزید سرچارج بڑھانے کیلئے درخواست لے آئیں گے،چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے کہا عوام کو کوئی سکون کا سانس لینے دیں، پاور ڈویژن حکام نے کہا گردشی قرض تیزی سے بڑھ رہا ہے۔
سرچارج لگا کر بھی گردشی قرض میں کمی نہیں آئے گی، ممبر نیپرا سندھ رفیق شیخ نے پاور ڈویژن حکام پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہاڈسکوز کی ناقص کارکردگی کی سزا عوام کو کیوں ملے، عوام کوبوجھ تلے دبا دیا، بجلی کمپنیوں کی خرابیوں کو دور کریں، صارفین کے حقوق کے بھی محافظ ہیں۔
سماعت مکمل ہونے کے بعد نیپرا نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 3 روپے 23 پیسے تک اضافے کی منظوری دیدی ،تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کرے گا، نوٹی فکیشن کے بعد 335ارب کا اضافی بوجھ ملک کے تمام صارفین پڑے گا،نیپرا اتھارٹی نے کہا وفاقی حکومت کی درخواست منظور کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔
چیئرمین نیپرا نے کہا مارک اپ کے بعد بجلی کی قیمت 38 روپے تک ہوجائے گی،قیمت بڑھنے پر بجلی کی طلب کم اور چوری بڑھے گی۔