درخواست خارج، توشہ خانہ کیس میں عمران کے وارنٹ گرفتاری برقرار

اسلام آباد،لاہور(بیورورپورٹ،خبر نگار) درخواست خارج، توشہ خانہ کیس میں عمران کے وارنٹ گرفتاری برقرار، تفصیلات کے مطابق سیشن کورٹ اسلام آباد نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم و چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ناقابل ضمانت وارنٹ منسوخی کی درخواست مسترد کردی۔

دوران سماعت وکیل قیصر امام نے مو¿قف اختیار کیا پرائیویٹ شکایت میں وارنٹ جاری کرنے سے کسی حد تک روکا گیا لہٰذا عدالت عمران خان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کئے، ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے ریمارکس دئیے 28 فروری کو صبح ہی وکلاءنے کہہ دیا تھا عمران خان نہیں آئیں گے۔ علی بخاری نے کہا عمران خان زمان پارک میں موجود اورچاہتے ہیں عدالت پیش ہونے کا کوئی راستہ بتایا جائے، عمران خان نے ہمیشہ عدلیہ کے فیصلوں پر عملدرآمد کیا۔

قیصر امام نے کہا عمران خان کےخلاف پرائیویٹ شکایت الیکشن ایکٹ کے تحت درج کی گئی، ماضی میں پرائیویٹ شکایت میں متعدد بار ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کئے گئے، اگر عمران خان عدالت پیش ہونے پر رضامندی ظاہر کریں تو پولیس گرفتار نہیں کرسکتی۔ جج نے ریمارکس دئیے آپ اسلام آباد ہائیکورٹ سے بھی وارنٹ منسوخی کے معاملے پر رجوع کرسکتے تھے، قیصرامام نے کہا سیشن عدالت سے ہی عمران خان کے وارنٹ منسوخی کےلئے رجوع کرنا چاہتے تھے۔

سیشن عدالت کی قانونی حیثیت کے حوالے سے ہائیکورٹ میں اپیل دائر نہیں کرنا چاہتے۔ عدالت نے عمران خان کی جانب سے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کرنے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کی جانب سے وارنٹ منسوخی درخواست مسترد کردی اور چیئرمین پی ٹی آئی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو برقرار رکھا۔

بعدازاں اسلام آباد کی عدالت نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ منسوخی درخواست خارج ہونے کا 7 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا وکیل کے مطابق 28 فروری کو عمران خان نے سیشن عدالت پیش ہونا تھا اور 28 فروری کو اسلام آبادہائیکورٹ ،جوڈیشل کمپلیکس میں بھی پیشی تھی، وکیل کے مطابق عمران خان عدالت میں عدم پیشی کا سوچ بھی نہیں سکتے، وکیل کے مطابق عمران خان کی جان کو خطرہ ہے ،قاتلانہ حملہ بھی ہوچکا۔

وکیل کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے باعث عمران خان سیشن عدالت پیش نہیں ہو پائے، عمران خان نے سیشن عدالت کا فیصلہ کسی اعلیٰ عدلیہ میں چیلنج نہیں کیا، فیصلے میں مزید کہا گیا عمران خان سیشن عدالت پیش ہونے کی پوزیشن میں تھے کیونکہ دیگر عدالتوں میں بھی پیش ہوئے، عمران خان جان بوجھ کر سیشن عدالت پیش نہیں ہوئے، وارنٹ گرفتاری برقرار رہتے ہیں جب تک سیشن عدالت منسوخ نہ کرے،توشہ خانہ کیس میں فرد جرم عائد کرنے کےلئے حاضر ہونے کے وارنٹ جاری کیے لیکن عمران خان عدالت نہیں آئے۔