پی ٹی آئی جیل کی بھرو تحریک کا کل آغاز،تحریک کامقصد عدم استحکام پیدا کرنا ہے،رانا ثنا

لاہور،اسلام آباد (خبر نگار،بیورورپورٹ)پی ٹی آئی جیل کی بھرو تحریک کا کل آغاز جبکہ وزیر داخلہ رانا ثنا نے کہاہے تحریک کامقصد سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا ہے،تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کا آغاز کل لاہور سے ہوگا، 2 بجے چیئرنگ کراس لاہور میں تحریک انصاف کے رہنما گرفتاریاں پیش کریں گے
،ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں سابق گورنرعمر سرفراز چیمہ، ولید اقبال، مراد راس گرفتاری دیں گے، پی ٹی آئی کے سینکڑوں کارکن بھی موجود ہوں گے
،دریں اثناء تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کی گورننگ باڈی کا اجلاس یاسمین راشد کی زیر صدارت پارٹی دفتر جیل روڈ میں ہوا
،اجلاس میںجیل بھرو تحریک کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی، تحریک کے آغاز کے موقع پر گرفتاریاں دینے والے سینئر رہنماؤں و کارکنوں کے اعزاز میں پارٹی دفتر میں تقریب ہوگی، یاسمین راشد گرفتاریاں دینے والے رہنماؤں و کارکنوں کے ہمراہ چیئرنگ کراس پہنچیں گی،یاسمین راشد نے کہا تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاری سے جیلیں کم پڑ گئیں،
تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک پرامن تحریک ہے، ہمیشہ قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج کیا جو بنیادی حق ہے، پرامن احتجاج کا حق کوئی بھی نہیں چھین سکتا، گرفتاریوں، جھوٹے مقدمات اور جیلوں سے حکمران ڈرا نہیں سکتے،دوسری جانب ملک میں امن وامان کی صورتحال پر وزیر داخلہ رانا ثنا کی زیر صدارت اجلاس ہوا ،سیکرٹری داخلہ، پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد کے آئی جیز ،ہوم سیکرٹریز، کمشنر اسلام آباد اور دیگر اعلیٰ افسروں نے بھی شرکت کی،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ملک میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جائے گا، قانون توڑنے والوں کو گرفتار کیا جائے گا،
امن دشمنوں کا ریکارڈ رکھا جائے گا اور کیریکٹر سرٹیفکیٹ میں واضح کیا جائے گا
،وزیر داخلہ رانا ثنا نے کہاجیل بھرو تحریک کے اصل مقاصد ڈرامہ رچانا ہے، تحریک کا مقصد میڈیا کی توجہ، امن و امان کی صورتحال کو متاثر کرنا اور سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا ہے،
قانون توڑنے والوں کیخلاف شواہد اکٹھے کر کے عوام کے سامنے لائے جائیں، قانون شکنوں کا اصل چہرہ بے نقاب ہونا چاہیے، خواتین و غریب کارکنوں کی گرفتاری سے گریز کیا جائے۔