اسلام آباد(بیورورپورٹ)مبینہ آڈیوویڈزیولیکس کاتدارک کریں،عمران خان کاچیف جسٹس سمیت تمام ججز کو خط،تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے یکے بعد دیگرے منظر عام پر آنیوالی مبینہ آڈیو ویڈیو لیکس کے تدارک کیلئے چیف جسٹس عمر عطاء بندیال سمیت سپریم کورٹ کے تمام ججز کو تفصیلی خط لکھ دیا
پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عمران خان نے معاملے پر گزشتہ برس اکتوبر میں دائر آئینی درخواست فوری سماعت کیلئے مقرر کرنے اورآرٹیکل 14 کے تحت شہریوں کے پرائیویسی کے حق کے تحفظ کیلئے اقدامات کی بھی استدعا کردی
خط میں چیئرمین پی ٹی آئی نے لکھا کئی مہینوں سے مشکوک و غیرمصدقہ آڈیوز، ویڈیوز کے منظر عام پر آنے کا سلسلہ جاری ہے، منظرعام پر آنیوالی مبینہ آڈیوز، ویڈیوز مختلف موجودہ و سابق سرکاری شخصیات اور عام افراد کے مابین گفتگو پر مبنی ہیں،غیرمصدقہ مواد پر مشتمل مبینہ آڈیو،ویڈیوز کوتراش خراش اور کاٹ چھانٹ کرکے ڈیپ فیک سمیت دیگر جعلی طریقوں سے تیار کیا جاتا ہے،آڈیوز سے تاثر ملتا ہے وزیراعظم کے دفتر، ہاؤس کی خفیہ نگرانی یا ہونیوالی بات چیت کی خفیہ ریکارڈنگز معمول تھا،ایوان وزیراعظم بلاشبہ ریاست کا حساس ترین ایوان ہے جہاں قومی حساسیت کے حامل معاملات پر تبادلہ خیال کیا جاتا ہے، ایوان وزیراعظم کی سکیورٹی پر نقب سے عوام کی سلامتی، تحفظ اور مفادات و حیات پر سنگین اثرات مرتب ہوتے ہیں
قومی شواہد موجود ہیں غیرمصدقہ و جعلی آڈیوز، ویڈیوز کے ذریعے تنقیدی آوازوں کو دبایا جانا مقصود ہے، مجھ سمیت کئی سابق سرکاری شخصیات و عام افراد جعلی، غیرمصدقہ اور کانٹ چھانٹ سے تیار کردہ لیکس کا نشانہ بن چکے، میری درخواست کے بعد معاملات بہتری کی بجائے مزید ابتری کا شکار ہوچکے ، آئین کی صریح خلاف ورزیوں پر کسی قسم کا محاسبہ نہ ہونے پر ملوث کردار مزید بے خوف ہو کرجعلی مواد کو فروغ دے رہے ہیں،بدقسمتی سے حال ہی میں سابق وزیراعلیٰ اور سپریم کورٹ کے معزز جج کے مابین مبینہ گفتگو خفیہ طور پر سماجی میڈیا پر جاری کی گئی
واضح ہوچکا اب عوام معمول کے تحت خفیہ نگرانی و ریکارڈنگز کا نشانہ بن رہے ہیں، ریکارڈنگز کو مرضی سے کانٹ چھانٹ، توڑ مروڑ اور ردوبدل کرکے منظرعام پر لانے کا سلسلہ بلاروک جاری ہے،عمران خان نے معاملے پر8 اہم ترین سوالات بھی چیف جسٹس و ججز کے سامنے رکھ دئیے جن کے مطابق سوال پیدا ہوتا ہے کون سا قانون عوام کی وسیع پیمانے پر نگرانی و خفیہ ریکارڈنگز کی اجازت دیتا ہے
قانون نگرانی و ریکارڈنگز کا حق کسے دیتا ہے،نگرانی و ریکارڈنگز کی حدود و قیود کیا ہیں،،نگرانی و ریکارڈنگز کا سلسلہ کب تک جاری رہے گا،نگرانی و ریکارڈنگز سے حاصل کیے گئے مواد کی حفاظت کا کیا انتظام ہے،کیا محض کسی کی مرضی سے شہریوں کی باہم بات چیت خفیہ طور پر ریکارڈ اور توڑ مروڑ کر منظرعام پر لانے کو گوارا کیا جاسکتا ہے؟۔
مبینہ آڈیو،ویڈیوزلیکس کاتدارک کریں،عمران خان کاچیف جسٹس سمیت تمام ججز کو خط



















