پی ٹی آئی پنجاب کے ایم این ایز کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل

لاہور(کورٹ رپورٹر)پی ٹی آئی پنجاب کے ایم این ایز کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل
ہائیکورٹ نے ضمنی انتخابات بھی روک دئیے،تفصیلات کے مطابق جسٹس شاہد کریم نے تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی ،فواد چودھری سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی،درخواستوں میں نشاندہی کی گئی سپیکر قومی اسمبلی نے استعفے منظورکرنے کیلئے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے
بیرسٹر علی ظفر نے نکتہ اٹھایا قانون کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی کو اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کرنے سے پہلے موقف سننا چاہیے لیکن ایسا نہیں کیا گیا
لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے 70 اراکین قومی اسمبلی (ایم این ایز) کے قومی اسمبلی سے استعفے منظور کرنے کیخلاف درخواستوں پر پنجاب کے اراکین اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کرکے الیکشن کمیشن سے جواب طلب کر لیا،عدالت نے پنجاب کے متعلقہ حلقوں میں ضمنی الیکشن بھی روکنے کا حکم دیدیا،مزید سماعت7مارچ تک ملتوی کردی گئی۔