ضمانت منظور،شیخ رشید اڈیالہ جیل سے رہا،بزدار کو ہائیکورٹ سے ریلیف

اسلام آباد،لاہور (بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)ضمانت منظور،شیخ رشید اڈیالہ جیل سے رہا،بزدار کو ہائیکورٹ سے ریلیف،تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانت منظور ہونے کے بعد عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا ،عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی رہائی کے موقع پرکارکنوں کی بڑی تعداد اڈیالہ جیل کے باہر موجود تھی، کارکنوں نے شیخ رشید کی گاڑی پر گل پاشی بھی کی،رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا 2راتیں میرے اوپر بھاری تھی جن لوگوں نے ایسا کیا معاف کرتا ہوں، جن چوروں نے میرے گھر پر ڈکیتی ماری ان کو بھی معاف کرتا ہوں، میری گھڑیاں، سامان واپس پہنچا دو ورنہ پرچہ درج کراؤں گا،گھبرانے والا نہیں ہوں، سچ کے ساتھ ہوں، راولپنڈی اصلی و نسلی لوگوں کا شہر ہے، عمران خان کیساتھ کھڑا ہوں، جیل کے اندر آدھا سامان چھوڑ کر آیا ہوں، جیل بھرو تحریک کا اعلان ہو گا تو سب سے پہلے جیل جاؤں گا،ایوب خان، یحییٰ خان، بھٹو، نواز شریف کو گرایا، شہباز شریف تم کس کھیت کی مولی ہو؟ تمام چیف جسٹس صاحبان کو سلام پیش کرتا ہوں،دوسری جانب احتساب عدالت لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات انکوائری میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی عبوری ضمانت 27 فروری تک منظور کرلی،عدالت نے نیب کو 27 فروری تک گرفتاری سے روکتے ہوئے عثمان بزادر کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیدیا اور آئندہ سماعت پر نیب حکام سے رپورٹ طلب کرلی ۔