لاہور (خبر نگار)پی ٹی آئی رہنمائوں نے منی بجٹ،پٹرول بم کے بعد عوام کو باہر نکلنے کامشورہ دیدیا،تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے منی بجٹ و پٹرول کی قیمت بڑھنے پر عوام کو باہر نکلنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا دن میں 170ارب کے ٹیکس اور رات میں پٹرول بم سے شب خون مارا گیا ،جنگوں میں بھی ملکی معیشت اتنی خراب نہیں ہوئی جتنی آج ہے،فواد چودھری نے کہا لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے، جب تک پاکستان کے لوگ باہر نہیں نکلیں گے ظلم ہوتا رہے گا،اسحاق ڈار کے کون سے بچے پاکستان میں ہیں جس کی وہ فکر کرے، حکومت کی ساری توجہ عمران خان کو جیل بھیجنے پر ہے،فواد چودھری نے مزید کہا عوام پر مہنگائی کا بوجھ بڑھا دیا گیا اگر احتجاج نہیں کرتے تو مطلب ہے جو ہورہا ہے ہم اسی کے لائق ہیں، سب کچھ ہرگز برداشت نہیں کرنا چاہیے ،سابق وزیر خزانہ حماد اظہر نے کہا عالمی منڈی میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہوئیں جب پٹرول عالمی منڈی میں113ڈالر پر تھا تو پاکستان میں پٹرول کی قیمت 150روپے تھی اب عالمی منڈی میں پٹرول 80ڈالر پر ہے اور پاکستان میں قیمت272روپے ہو گئی، 9 ماہ اور خاص طور پر 30دن میں روپیہ ڈالر کے مقابلے میں 90روپے قدر کھو بیٹھا ،پہلے مفتاح اسماعیل پھر اسحاق ڈار نے معاشی بحران کی بنیاد رکھی،ہر چیز عوام کی پہنچ سے دور کردی۔
منی بجٹ کے بعد رات کی تاریکی میں پٹرول بم،عوام باہر نکل آئیں،پی ٹی آئی



















