لاہور( رپورٹ: نعیم جاوید ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سمیت تاجر تنظیموں نے بجلی، گیس اور ادویات کی قیمتوں میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام کے بعد عوام کی بچی کھچی قوتِ خرید بھی ختم ہوجائےگی۔ روزنامہ” مشرق“سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر عدنان خالد بٹ آل پاکستان پان سگریٹ ایسوسی ایشن کے آصف غوری، سینئر تاجر رہنما سید ممتاز حسین بخاری، میاں زاہد جاوید، منظور الحق ملک، خدمت گروپ کے راجہ جاوید ، ایم ایم عالم روڈ کے جنرل سیکرٹری عمر قریشی نے کہا ہے کہ حکومت نے اپنے اخراجات کم کرنے کی بجائے عوام پر بوجھ ڈال دےا۔ گیس کی قیمتوں میں17سے112فیصد جبکہ بجلی کی قیمت میں لیوی ٹیکس کی مد میں3.82روپے فی یونٹ او ر بجلی پر مرحلہ وار لیوی ٹیکس میں اضافہ کرکے 7روپے یونٹ تک مزید اضافہ کو منی بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کو 170ارب کے نئے ٹیکس لگانے کی یقین دہانی کروائی ہے اور آئی ایم ایف کی ایما پر عوام پر اربوں روپے کا بوجھ ڈالا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر اسوقت تاریخ کی کم ترین سطح 2.9ارب ڈالر پر ہیں جبکہ حکمران اتحاد اپنے خرچے کم کرنے کی بجائے وسیع ترین کابینہ کا بوجھ بھی عوام پر ٹیکسوں کی صورت میں ڈالا جارہا ہے ۔جبکہ جہازی کابینہ میں مسلسل توسیع ہورہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ قرضوں سے ملک چلانے کی پالیسی تباہ کن ثابت ہوگی اور ملک ڈیفالٹ کی طرف چلاجائےگا۔ آئی ایم ایف کی ایما پر عوامی مفاد کے برعکس فیصلے صنعتی شعبہ کی تباہی کا باعث بنیں گے۔ریونیو حاصل کرنے پر عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ آسان فیصلہ ہے جبکہ حکمران مفت پٹرول،بجلی، سرکاری گاڑیاں ،سرکاری رہائش گاہیں استعمال کررہے ہیں اور انکا بوجھ عوام اٹھا رہے ہیں۔
مہنگائی کاطوفان،تاجر پھٹ پڑے



















