غیرقانونی شکار پر موثر کارروائیاں، 13730 ملزمان گرفتار، 22 کروڑ سے زائد جرمانہ

لاہور (میاں ذیشان) محکمہ جنگلی حیات و پارکس پنجاب کی غیر قانونی شکار، سمگلنگ اور جنگلی جانوروں کی غیر قانونی تحویل کے خلاف موثر کارروائیاں، سال 2024 سے ستمبر 2026 تک 13 ہزار 730 مقدمات درج، 13 ہزار 730 ملزمان گرفتار اور 22 کروڑ 98 لاکھ 60 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ محکمہ نے ایک ہزار 507 ایف آئی آرز بھی درج کروائیں جبکہ صرف سال 2025 کے دوران ایک لاکھ 62 ہزار 446 جانور، پرندے اور خزندے بازیاب کروائے گئے۔ جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے سخت نگرانی، ڈیجیٹل ریکارڈ اور بلاامتیاز قانونی کارروائیوں کا سلسلہ جاری، بڑی بلیوں کے نئے لائسنسوں کا اجرا اور موجودہ لائسنسوں کی تجدید بھی بند کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق لاہورمحکمہ جنگلی حیات و پارکس پنجاب کی جانب سے جنگلی جانوروں کے غیر قانونی کاروبار، غیر قانونی تحویل اور اسمگلنگ کے خلاف موثر کارروائیوں اور جدید نگرانی کے نظام کے ذریعے تحفظ جنگلی حیات کے اقدامات قابل تحسین ہیں، محکمہ نے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے مانیٹرنگ، ڈیجیٹل ریکارڈ اور فیلڈ انسپکشن کا مربوط نظام وضع کر رکھا ہے۔ جنگلی جانوروں اور پرندوں کے تحفظ کے ساتھ ساتھ غیر قانونی طور پر جانور رکھنے والوں کے خلاف قانونی کارروائیوں میں بھی تیزی لائی گئی ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں مقدمات درج، ملزمان گرفتار اور لاکھوں جنگلی حیات کے نمائندے بازیاب کروائے جا چکے ہیں۔ محکمہ جنگلی حیات نے بڑی بلیوں (بگ کیٹس) کے لائسنسوں کے اجرا اور تجدید کا عمل بھی بند کر رکھا ہے جبکہ نجی طور پر رکھے گئے جانوروں کی شناخت، نگرانی اور لائسنسنگ کا مکمل ڈیجیٹل ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے۔ محکمہ ترجمان کے مطابق نجی تحویل میں موجود جانوروں کی شناخت اور مانیٹرنگ کا ریکارڈ وائلڈ لائف پاس ایپ جبکہ لائسنسنگ سے متعلق تفصیلات ای بز پورٹل پر محفوظ ہیں، جن کے ذریعے جانوروں کی قانونی حیثیت اور مالکان کے کوائف کی نگرانی کی جاتی ہے۔ غیر قانونی طور پر جنگلی جانور رکھنے والوں کی نشاندہی کیلئے عوامی شکایات اور ہیلپ لائن 1107 پر موصول ہونے والی اطلاعات پر فوری کارروائی کی جاتی ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی ویڈیوز، خبروں اور دیگر مواد کی مسلسل مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ وائلڈ لائف رینجرز کی جانب سے فارم ہاﺅسز، نجی فارمز اور مشکوک مقامات کی اچانک انسپکشن کی جاتی ہے اور خلاف ورزیوں کی صورت میں پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے مشترکہ کارروائیاں عمل میں لائی جاتی ہیں۔ ترجمان کے مطابق لائسنس یافتہ جانوروں کے مالکان کی سالانہ اور ششماہی بنیادوں پر انسپکشن بھی کی جاتی ہے تاکہ کسی بھی غیر لائسنس یافتہ جانور کی موجودگی کا سراغ لگایا جا سکے۔ محکمہ کی جانب سے سال 2024 سے ستمبر 2026 تک غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف مجموعی طور پر 13 ہزار 730 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ ان کارروائیوں کے دوران 22 کروڑ 98 لاکھ 60 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور ملزمان کے خلاف ایک ہزار 507 ایف آئی آرز بھی درج کروائی گئیں۔ اسی عرصے کے دوران غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث 13 ہزار 730 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ جبکہ سال 2025 کے دوران محکمہ جنگلی حیات نے مجموعی طور پر ایک لاکھ 62 ہزار 446 جانور، پرندے اور خزندے بازیاب کروائے، جن میں 215 جنگلی جانور، 15 ہزار 742 جنگلی پرندے اور 289 خزندے شامل ہیں۔ محکمہ کی جانب سے جاری اعدادوشمار غیر قانونی شکار، غیر قانونی تحویل اور جنگلی حیات سے متعلق جرائم کے خلاف جاری اقدامات کی وسعت کو ظاہر کرتے ہیں، جبکہ جدید ڈیجیٹل نظام اور مسلسل فیلڈ مانیٹرنگ کے ذریعے جنگلی حیات کے تحفظ اور قانونی ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔