نوازشریف ، حیدر علییوف کی دیرینہ دوستی کا تسلسل،باکو میں مریم نواز کا شاندار سفارتی استقبال
لاہور (وقائع نگار) قائد نواز شریف ، حیدر علییوف کی دیرینہ دوستی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے باکو میں مریم نواز شریف کا شاندار سفارتی استقبال کیاگیا،جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علییوف سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں وفد نے اہم ملاقات کی،ملاقات کے دوران دونوں اطراف نے آذربائیجان اور پاکستان کے مابین برادرانہ تعلقات اور سٹرٹیجک شراکت داری کی ترقی کو سراہا، سیاسی، اقتصادی، سفارتی، دفاعی اور دیگر شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات میں باہمی تعاون کی اہمیت اور تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے مضبوط امکانات پر بھی روشنی ڈالی گئی،وزیر اعلی مریم نواز نے صدرآذربائیجان الہام علییوف کو نواز شریف ، وزیراعظم شہباز شریف کا سلام پہنچایا،آذربائیجان کے صدر الہام علییوف نے سلام کا شکریہ ادا کیا اور درخواست کی ان کا سلام بھی وزیر اعظم شہباز شریف اور نواز شریف تک پہنچا دیا جائے ، الہام علییوف نے قومی رہنما حیدر علییوف اور نواز شریف کے مابین دوستانہ تعلقات کو یاد کیا، مریم نواز نے اقوام متحدہ کے ورلڈ اربن فورم کے 13ویں اجلاس میں شرکت کےلئے دعوت پر صدر الہام علییوف کا شکریہ اد ا کیا،وزیر اعلیٰ نے اقوام متحدہ کے ورلڈ اربن فورم کے 13ویں اجلاس کے شاندار انتظامات کو سراہا،حالیہ ایران امریکہ کشیدگی کے بعد بحالی امن کےلئے پاکستان کے ذمہ دارانہ اور ثالثی کردار کی تعریف کی،ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف ، ٹیم کی مسلسل سفارتی کوششوں اور علاقائی استحکام کےلئے اقدامات کو بھی سراہا گیا،ملاقات میں آذربائیجان کے ”آسان خدمت“ ماڈل کی طرز پر پاکستان میں قائم مراکز کے امور پر بھی گفتگو کی گئی، مریم نواز نے کہا باکو میں شہری منصوبہ بندی سے متعلق اہم عالمی امور پر بحث کی جائےگی، آذربائیجان کا دارالحکومت باکو ثقافت اور جدید اربن پلاننگ کا حسین امتزاج ہے، خوبصورتی نے گہرا اثر چھوڑا، وفد کے ساتھ جدید آذربائیجان کے بانی حیدر علییوف کے مزار پر حاضری دی، خراجعقیدت پیش کیا، وزیراعلیٰ نے کہاپاکستان کی سٹرٹیجک پوزیشن خطے میں توازن برقرار رکھنے کےلئے انتہائی اہم ،پاکستان مسلم امہ کی واحد مسلم ایٹمی قوت ہونے کے ناطے عالمی نقشے پر غیر معمولی اہمیت کا حامل ، ایران امریکہ جنگ میں پاکستان امن، تدبر اور مذاکرات کی طاقت کے ساتھ ایک ناگزیر ثالث کے طور پر ابھرا، پاکستان کی ایٹمی قوت نے خطے میں توازن،خودمختاری اور قومی وقار کو مضبوط بنایا،جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علییوف نے کہاآذربائیجان اور پاکستان کے تعلقات اس وقت آذربائیجان، ترکیہ اور پاکستان کے سہ فریقی فریم ورک کے تحت تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں،وزیراعلیٰ مریم نواز نے باکو میں جدید آذربائیجان کے بانی اور بابائے قوم حیدر علی کے مقبرے پر حاضری دی،پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی، مریم نوازنے باکو میں یاد گار کوچہ شہداءکابھی دورہ کیا اوریاد گار شہدا پر پھول رکھے ، قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔



















