4 سال بعد بھی ایل ڈی اے کے بونافائیڈ کمیشن کے چیئرمین کا تقرر نہ ہوسکا

لاہور (میاں ذیشان) پنجاب حکومت کی ناقص پالیسیاں، 4 سال سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بونافائیڈ کمیشن کا چیئرمین تعینات نہ ہو سکا۔ سینکڑوں کیس التواءکا شکار، ایل ڈی اے کی مختلف سکیموں میں حقیقی خریداروں کی طرف سے خریدے گئے اربوں روپے مالیت کے اثاثہ جات پر فیصلے سرد خانے کی نذر ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی ناقص پالیسیوں کے نتیجے میں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بونافائیڈ کمیٹی کا چیئرمین چار سال سے زائد عرصے سے تعینات نہیں ہو سکا ہے، جس کی وجہ سے سینکڑوں کیس التواءکا شکار ہیں۔ جن میں بیشتر کیسیز لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی مختلف سکیموں میں موجود پلاٹس کا حقیقی خریداروں کو مالکانہ حقوق دینے یا بحق لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی منتقل کرنے حوالے سے فیصلہ ہونا باقی ہے۔ جس ایک طرف تو اصل خریداروں کی داد رسی ممکن ہو سکے گی تو دوسری طرف ایل ڈی اے کے ملکیت اور ریونیو میں بھی کروڑوں روپے کی آمدن متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق جب اگست 2020 میں سیکرٹری ہاﺅسنگ پنجاب کی جانب سے جسٹس (ر)طارق چوہدری کو ایک سال کیلئے بونافائیڈ کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا لیکن ان کی مدت کے اختتام کے بعد سے یہ اہم عہدہ خالی ہے۔ اس کمیٹی کا کام ایل ڈی اے کی مختلف سکیموں میں حقیقی خریداروں کی جانب سے خریدے گئے اربوں روپے مالیت کے اثاثہ جات پر فیصلے کرنا ہے، تاہم اس عہدہ کی غیر موجودگی کے باعث یہ کیس اب تک فیصلے سے محروم ہیں۔ اس صورتحال کے باعث نہ صرف خریداروں کو قانونی مشکلات کا سامنا ہے بلکہ ان کی مالی سرمایہ کاری بھی خطرے میں ہے۔ ایل ڈی اے کی طرف سے اس عہدہ کی تعیناتی میں ناکامی نے عوامی اعتماد کو مجروح کیا ہے اور حکومت کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے ہیں۔ اس اہم عہدہ کی فوری تعیناتی کے بغیر اس بحران کا حل ممکن نہیں اور پنجاب حکومت پر دباﺅ بڑھ رہا ہے کہ وہ اس مسئلے کو فوری طور پر حل کرے تاکہ اصل خریداروں کو انصاف مل سکے اور ایل ڈی اے کی سکیموں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کی مشکلات کم کی جا سکیں۔

لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی کیبنٹ میٹنگ میں چیئر مین بونافائیڈ کمیشن کی تعیناتی کے حوالے سے فیصلہ ہو گیا ہے۔ میٹنگ منٹس کے بعد دستیابی کے بعد کمیٹی کے ممبران کے نام اناﺅنس کر دئیے جائیں گے۔ ایل ڈی اے کی سکیموں میں خریداروں تنازعات کی حل کیلئے 2014 میں بونافائیڈ کمیشن کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔ چیئرمین کی تعیناتی کے بعد ہنگامی بنیادوں پر کیسوں کا میرٹ پر فیصلہ کیا جائیگا۔