لاہور (سٹاف رپورٹر) روسی مرکز برائے سائنس، تعلیم اور ثقافت کے زیر اہتمام بین الاقوامی شہرت یافتہ روسی ادیب ”میکسیم گورکی کی158 ویں سالگرہ اور با لشوئی تھیٹر کے 250 سال “کے موضوع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر یونیورسٹی آف اوکاڑہ پروفیسر ڈاکٹر سجاد مبین تھے جبکہ میکسم گورکی کی ادبی اور سماجی خدمات کے بارے معروف ادیب ، پبلشر اور دانشور فرخ سہیل گوئندی اور تھیٹر اور ڈرامے کے حوالے سے نامور شخصیت ڈاکٹر سلمان شاہد نے بالشو ئی تھیٹر بارے گفتگو کی۔ پروفیسر ڈاکٹر اشرف نظامی نے موضوع کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ میکسم گور کی روس ہی نہیں دنیا کا عظیم ادیب تھا جس کی تحریروں نے انقلاب روس کی راہ ہموار کی۔ اس کے شاہکار ناول ”ماں“ نے پڑھنے والوں کی زندگیوں پر گہرا اثر ڈالا۔اسی طرح با لشوئی تھیٹر ماسکو کے قدیم ترین تھیٹر کی ایک تاریخی حیثیت ہے جو آج بھی اپنی تہذیب اور ثقافت کو قائم دائم رکھے ہوئے ہے۔ فرخ سہیل گوئندی نے کہا کہ میکسم گورکی شاعر، ادیب، صحافی اور ڈرامہ نگار تو بڑا تھا ہی لیکن اس سے بھی بڑھ کر وہ بڑا فنڈ ریزر بھی تھا جو کسی بھی انقلابی کا بنیادی وصف ہے۔وہ واحد ادیب تھا جسے نوبل انعام کیلئے پانچ مرتبہ نامزد کیا گیا لیکن اس کا کمیونسٹ ہونا ہی اس کا جرم بن گیا اور اسے وہ ایوارڈ نہ دیا گیا۔ میکسیم گورکی نے اپنی تحریروں میں سماج اور اس میں موجود تضادات کو اجاگر کیا اور اس کے ذریعے جدوجہد کی ترغیب دی۔ڈاکٹر مصدق حسین نے ” میکسم گورکی، روسی ادب کا روشن ستارہ“ کے عنوان سے مضمون پیش کیا اور کہا کہ وہ ایک عظیم مفکر ،افسانہ نویس، ناول نگار اور ڈرامہ نگار تھا جس کی تحریروں نے دنیا کے ادب پر گہرے نقوش چھوڑے۔ اس کے صرف ایک ناول " ماں " کا دنیا کی کم و بیش ہر زبان میں ترجمہ ہوا اور دنیا کا مقبول ترین ناول قرار پایا۔ڈاکٹر سلمان شاہد نے بالشوئی تھیٹر کی تاریخ اور ڈرامائی ادب پر ہونے والے اثرات پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ اس کا اغاز زار روس کے زمانے میں ہوا۔یہ ہمارے ہاں کے ڈراموں کی طرح نہیں ہوتا بلکہ یہ بیلے اور اوپیرا کی صورت میں ہوتا جس میں خواتین و حضرات شامل ہو کر رقص کرتے۔یہ تھیٹر اس قدر مقبول تھا کہ دیکھنے والوں کی بہت بڑی تعداد ہوتی تھی اور وہ قطاروں میں کھڑے ہو کر اپنی باری کا انتظار کرتے تھے۔ تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر سجاد مبین نے اپنے قیام روس کے واقعات کا ذکر کیا اور کہا کہ مجھے سکالرشپ پر روس میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کا موقع میسر آیا جو میری زندگی کیلئے نئے دور کا آغاز ثابت ہوا۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ر و سی سماج ،تہذیب و تمدن اور ثقافت کا گہرا مشاہدہ کیا روسی معاشرہ ایک انسان دوست فلاحی معاشرہ ہے جہاں برابری، مساوات، رواداری اور خدمت کے بنیادی اوصاف پائے جاتے ہیں۔ اسلام نے جس فلاحی معاشرے کا تصور دیا ہے روسی کمیونسٹ معاشرہ اس کی ایک عملی تصویر ہے لیکن اس کے بارے میں غلط پرو پیگنڈا کیا جاتا رہا اور کسی نے بھی روسی سماج کو سمجھنے کی کوشش نہیں کی۔اگر وہی اقدار پاکستان میں رائج ہو جائیں تو پاکستانی معاشرہ ایک مثالی معاشرہ قرار پا سکتا ہے۔تقریب کے میزبان روسی مرکز برائے سائنس۔تعلیم و ثقافت کے چیئرمین ڈاکٹر شاہد حسن نے اختتامی کلمات میں کہا کہ میکسیم گور کی دنیا کے ان عظیم اہل قلم میں سے ایک تھا جنہوں نے عالمی ادب کو متاثر کیا اور مظلوم۔محکوم اور پسے ہوئے طبقات کو امید کی کرن دکھائی اور جدوجہد کا شعور پیدا کیا۔تقریب میں بڑی تعداد میں علمی۔ادبی ،سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
میکسم گور کی دنیا کے عظیم ادیب، صحافی ، ڈرامہ نگار تھے : مقررین



















