جرائم کےخاتمے کا مشن، سی سی ڈی کیلئے فنڈز، اخراجات میں اضافے کی سفارش

لاہور(مرزا ندیم بیگ)سی سی ڈی کیلئے فنڈز اور اخراجات میں اضافے کی سفارش، ذرائع کے مطابق پنجاب میں جرائم کے تدارک کیلئے قائم سی سی ڈی پر حکومتی توجہ کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے محکمہ پولیس کی جانب سے ایک مراسلے میں خطرناک مجرمان کی گرفتاری اور تھانوں کے آپریشنل اخراجات کیلئے بقایا جات کی ادائیگی کی سفارش کی گئی ہے۔مراسلے کے مطابق سی سی ڈی کے تھانوں کو آبادی کی بنیاد پر تین کیٹیگریز میں تقسیم کر دیا گیا ہے جن میں سٹی ڈسٹرکٹ، اے کیٹیگری اور بی کیٹیگری پولیس سٹیشن شامل ہیں۔سٹی ڈسٹرکٹ پولیس سٹیشنوں میں لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان کو شامل کیا گیا ہے جبکہ اے کیٹیگری میں شیخوپورہ، قصور، گجرات، منڈی بہاوالدین، سیالکوٹ، اٹک، سرگودھا، میانوالی، ساہیوال، اوکاڑہ، خانیوال، بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان اور مظفر گڑھ شامل ہیں۔اسی طرح بی کیٹیگری میں ننکانہ صاحب، حافظ آباد، نارووال، جہلم، بھکر، چکوال، خوشاب، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، پاکپتن، لودھراں، وہاڑی، بہاولنگر، لیہ اور راجن پور کو شامل کیا گیا ہے۔مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ جولائی سے دسمبر 2025 تک کے بقایا جات کی ادائیگی کیلئے رقم درکار ہے۔ اخراجات کی تفصیل کے مطابق سٹی ڈسٹرکٹ کے ایک تھانے کیلئے ماہانہ 5 لاکھ روپے، اے کیٹیگری تھانے کیلئے 4 لاکھ روپے جبکہ بی کیٹیگری تھانے کیلئے ساڑھے 3 لاکھ روپے آپریشنل اخراجات اور گرفتار مجرمان کے کھانے کیلئے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ آئی جی پنجاب عبد الکریم کی جانب سے رواں مالی سال کے دوران 181.2 ملین روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ دینے کی سفارش بھی کی گئی ہے تاکہ سی سی ڈی کے آپریشنز کو موثر بنایا جاسکے۔