وزیراعظم کا بڑا فیصلہ،بھاری بوجھ اشرافیہ پر منتقل،ہائی اوکٹین پر لیوی میں 200 روپے لٹر اضافہ


اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ،وقائع نگار) عوام کو عید پر بڑا تحفہ،پٹرول ،ڈیزل مہنگا کرنے کی سمری مسترد،بھاری بوجھ اشرافیہ پر منتقل،ہائی اوکٹین پر پٹرولیم لیوی میں 200 روپے لٹر اضافہ ،فیصلہ وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت ہونےوالے ویڈیو لنک اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزرااعظم نذیر تارڑ، سینیٹر اورنگزیب، عطا تارڑ، علی پرویز ملک و دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی،وزیر اعظم نے ہدایت دیتے ہوئے کہا امیر طبقے کی لگژری گاڑیوں میں استعمال ہونےوالے ہائی اوکٹین پر لیوی بڑھنی چاہیے،پٹرولیم لیوی کو100سے بڑھا کر300روپے لٹر مقرر کردیاتاکہ معیشت پر بوجھ کم ہو اور امیر طبقہ زیادہ حصہ ڈالے ،بچت کوعوامی ریلیف کےلئے استعمال کیا جائے گا، اقدام کا مقصد ہے ملکی وسائل کا بوجھ زیادہ تر صاحب حیثیت طبقہ اٹھائے۔

اعلامیے کے مطابق فیصلے سے حکومت کو 9 ارب ماہانہ بچت ہوگی ،وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق عوام کو ریلیف دیا جائے گا،فیصلے سے معیشت پر بوجھ کم ،امیر ترین طبقہ بوجھ اٹھائے گا، عام گاڑیوں میں استعمال ہونےوالے ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا نہ ہی فیصلے سے پبلک ٹرانسپورٹ ،ہوائی جہازوں کے کرایوں پر کوئی اثر پڑے گا۔

قبل ازیں وزیراعظم نے پٹرول،ڈیزل مہنگا کرنے کی مسترد کردی اور قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہادل کی گہرائیوں سے سب کوعیدالفطرکی مبارکباد پیش کرتا ہوں،عید کی خوشیوں کو دوسروں کےساتھ بانٹنا چاہیے،دنیا غیرمعمولی آزمائش سے دو چار ، خطے میں جاری جنگ نے عالمی معیشت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ،عالمی منڈی میں خلیجی تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں،صورتحال یونہی بگڑتی رہی تو پھر مزید اضافے کو رد نہیں کیا جاسکتا، حالیہ قیمتوں کے بڑھنے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

شہبازشریف نے کہاپٹرول 50 اورڈیزل 74 روپے لٹر مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی مگر میں نے سمری مسترد کرکے قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ،عوام پہلے ہی مہنگائی سے پریشان حال ہیں، وفاقی حکومت55ارب کے اضافی اخراجات برداشت کرے گی ،اضافہ روکنے کےلئے 79 ارب خرچ کرچکے ،اشرافیہ بھی کارخیرمیں بھرپورکردارادا کرے، دعا ہے خطے میں جاری جنگ کا پرامن حل نکلے۔

وزیراعظم نے کہا ایسا نظام بنایا جائے ریلیف صرف حقدار تک پہنچے،قیمتوں میں اضافے کا بوجھ خود اٹھا کر عوام کو محفوظ رکھنے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں،بطور قوم توازن ،کفایت شعاری اور دانشمندی کو اپنانا ہوگا،وعدہ کیا تھا کفایت شعاری و سادگی مہم کا آغاز حکومت سے کریں گے،سادگی کی پالیسی نافذ العمل ہے ،اقدامات کا جائزہ لے رہا ہوں تاکہ قوم کے ایک ایک روپے کو ذمہ داری سے استعمال کیا جائے،ایثار اور قربانی کے جذبے کی جتنی ضرورت آج ہے شاید کبھی نہ رہی ہو۔

دریں اثنا نے حکومت نے مٹی کاتیل مزید 70.73روپے لٹر مہنگا کر دیا، نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی نئی قیمت 428.74روپے لٹرمقرر کردی گئی،اضافے کا فیصلہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کے اتار چڑھاو کے پیش نظر کیا گیا۔