پاکستانی میزائل پروگرام کو ممکنہ خطرہ قرار دینے کا امریکی دعویٰ مسترد

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)میزائل پروگرام کو ممکنہ خطرہ قرار دینے کا دعویٰ مسترد ،پاکستان نے کہا ہے امریکہ کےساتھ باہمی احترام،عدم امتیاز اور تعمیری روابط کے فروغ کیلئے پر عزم ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے امریکی ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس کی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا پاکستان کی سٹریٹجک صلاحیتیں مکمل طور پر دفاعی نوعیت کی حامل ہیں،مقصد قومی خودمختاری کا تحفظ ، امن واستحکام کو برقرار رکھنا ہے،پاکستان کا میزائل پروگرام بین البراعظمی حد سے کہیں کم اوربھارت کے مقابلے میں قابل اعتماد کم ازکم دفاعی صلاحیت کے نظریئے پر مبنی ہے۔

طاہر اندرابی نے کہا بھارت کے زائد فاصلے تک مار کرنے والے میزائل خطے کیلئے باعث تشویش ہیں،پاکستان امریکہ کےساتھ باہمی احترام،عدم امتیاز و تعمیری روابط کے فروغ کیلئے پر عزم اورمتوازن و محتاط طرز عمل اختیار کرنے پر زور دیتاہے۔

علاوہ ازیں دفتر خارجہ نے بھارت میں اسرائیلی سفیر کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کردار کشی بے بنیاد،حقیقی جارحیت اسرائیل کے غیر قانونی قبضے اور غزہ میں انسانی بحران سے عیاں ،اسرائیلی قیادت کےخلاف عالمی عدالتوں میں مقدمات و عالمی ریکارڈ سب کے سامنے ہے، ذمہ دار ریاستیں عالمی قوانین کا احترام کرتی ہیں، الزام تراشی سے نہیں بچتیں۔