ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے گورنمنٹ حاجی عبدالقیوم ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق اور ایم ایس ڈاکٹر ذیشان مرزا بھی ہمراہ تھے۔ انہوں نے ہسپتال کی ایمرجنسی، شعبہ حادثات سمیت مختلف وارڈز کی اپ گریڈیشن کے کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ حکومت پنجاب صحت کے شعبے کی بہتری کیلئے اربوں روپے خرچ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی انتظامیہ کی اوّلین ترجیحی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال آنے والے تمام مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے بتایا کہ ہسپتال میں فارمیسی، استقبالیہ کاونٹر، سائن بورڈ سمیت دیگر سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے۔انہوں نے ہسپتال انتظامیہ سے سروس ڈیلیوری اور فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بھی تفصیلات حاصل کیں۔بعدازاں انہوں نے ساہیوال جمنیزیم کی بحالی کے کام کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈویژنل سپورٹس آفیسر چوہدری نثار الحق، اور ڈسٹرکٹ سپورٹس مہر عامر رشید نے کام کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ تمام ترقیاتی کام ٹائم لائن کے مطابق مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب دیگر شعبوں کی طرح کھیلوں کے فروغ پر بھی خطیر رقم خرچ کررہی ہے کیونکہ صحتمند سرگرمیاں معاشرے کی بہتری میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کے افسران کا اہم اجلاس ہوا جس میں میٹرک سالانہ امتحانات کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری ساہیوال بورڈ غلام حسین بھٹی، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رانا نوید عظمت سمیت متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ میٹرک امتحانات کے صاف و شفاف انعقاد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام امتحانی مراکز پر طلبہ و طالبات کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ساہیوال کے زیر اہتمام میٹرک پہلا سالانہ امتحان 27 مارچ 2026 سے شروع ہو رہا ہے جس کیلئے ڈویژن بھر میں جماعت دہم کے 247 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔مزید بتایا گیا کہ سپروائزری سٹاف کی تعیناتی حکومت پنجاب ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ہدایات کے مطابق جدید آٹومیشن سسٹم کے تحت کی گئی ہے۔ اس موقع پر واضح ہدایت دی گئی کہ کوئی بھی استاد امتحانی ڈیوٹی سے انکار نہ کرے اور اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دے۔اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ ڈویژن بھر میں جماعت دہم اور نہم کے امتحانات کیلئے قائم لیبارٹریز کی بورڈ آفس کے زیر نگرانی انسپکشن مکمل کی جا چکی ہے۔کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل کو مختلف لیبارٹریز میں مسنگ فسلٹیز اور غیر فعالیت کی تفصیلات پیش کی گئیں جس پر انہوں نے تمام لیبارٹریز کو فوری فعال کرنے کی ہدایت کی۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کا شہر میں غیرقانونی ہاوسنگ سوسائٹیز کے خلاف کریکڈاﺅن میں سست روی پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئے غیرقانونی ہاوسنگ کالونیوں کے خلاف کاروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن کی پلاننگ برانچ کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد سمیت پلاننگ برانچ کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ غیر قانونی ہاوسنگ سکیموں کے خلاف کارروائی کیلئے ایک جامع اور مربوط حکمت عملی ترتیب دی جائے، جس کے تحت بلا امتیاز کارروائیاں یقینی بنائی جائیں تاکہ شہریوں کو فراڈ اور مالی نقصان سے بچایا جا سکے۔انہوں نے شہر میں تجاوزات کے خاتمے کیلئے بھی سخت اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کیلئے فوری اور موثر آپریشن کیا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ شہر کی خوبصورتی، نظم و ضبط اور شہری سہولیات کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کریں۔
حکومت طبی شعبہ کی بہتری کیلئے اربوں روپے خرچ کررہی ہے: کمشنر ساہیوال



















