لاہور (مرزا ندیم بیگ) لاہور میں رمضان کے آخری عشرے اور عیدالفطر کی آمد کے ساتھ ہی ”عیدی مہم“ کے نام پر پیشہ ور بھکاریوں کی بڑی تعداد سڑکوں، بازاروں، چوکوں اور رہائشی علاقوں میں سرگرم ہو گئی ہے جس سے شہری شدید ذہنی اذیت کا شکار ہیں،ذرائع کے مطابق ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی پنجاب کے مختلف اضلاع اور دیگر صوبوں سے سینکڑوں نہیں بلکہ ہزاروں پیشہ ور گداگر لاہور کا رخ کرتے ہیں تاہم سرکاری سطح پر درست اعداد و شمار جاری نہیں کئے گئے جس سے شکوک و شبہات بڑھ رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عید سے قبل ”سیزنل بھکاری نیٹ ورک“ متحرک ہوجاتا ہے جو باقاعدہ گروہوں کی شکل میں کام کرتا ہے۔ٹرانسپورٹ اڈوں، ریلوے سٹیشن اور بس ٹرمینلز کے ذریعے داخلہ،خواتین اور بچوں کو ہمدردی حاصل کرنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے،بعض گروہ روزانہ ہزاروں روپے تک کما لیتے ہیں،ماضی میں بھی دیگر شہروں میں کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں غیر مقامی بھکاری پکڑے گئے، جیسے ایک حالیہ آپریشن میں 100 سے زائد پیشہ ور بھکاری گرفتار کئے گئے تھے ، جس سے اس نیٹ ورک کے وسیع ہونے کا اندازہ ہوتا ہے،شہریوں کا شدید ردعمل ،شہریوں کا کہنا ہے کہ گھروں کے دروازے تک بھکاری آ جاتے ہیں، انکار کریں تو بدتمیزی کرتے ہیں۔ بازاروں میں خریداری کیلئے آنے والی خواتین اور خاندان خاص طور پر ہراسانی کا شکار ہیں،چوکوں پر ٹریفک سگنلز پر بھکاریوں کی بھرمار حادثات کا سبب بھی بن رہی ہے،پولیس حکام کے مطابق شہر میں کومبنگ آپریشنز جاری ہیں،مشتبہ افراد کی چیکنگ کی جا رہی ہے،بس اڈوں اور اہم مقامات پر نگرانی بڑھائی گئی ہے‘پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائیاں ہوتی ہیں مگر وہ دوبارہ آ جاتے ہیں، یہ ایک منظم مافیا ہے۔ماہرین کے مطابق ناکامی کی بڑی وجوہات شہری خود بھی بھیک دے کر اس رجحان کو بڑھاتے ہیںقانون کے مطابق پیشہ ور گداگری جرم ہے اور اس پر گرفتاری و سزا ہو سکتی ہے، مگر عملدرآمد کمزور دکھائی دیتا ہے۔ حالیہ مثال میں مختلف شہروں میں چھوٹی سطح پر گرفتاریاں ضرور ہوئیں ، مگر بڑے نیٹ ورک تک رسائی نہیں ہو سکی۔
پیشہ ور گداگروں کی فوج ظفر موج کا شہریوں پر حملہ، ”سیزنل بھکاری نیٹ ورک“ متحرک



















