شک کا فائدہ،قتل، دہشتگردی کے مقدمے میں نامزد تمام ملزم بری


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)قتل و دہشتگردی کے مقدمے میں نامزد تمام ملزم بری ،جسٹس اشتیاق ابراہیم نے اپیلوں پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا،عدالت عظمیٰ نے ٹرائل کورٹ اور ہائیکورٹ کی جانب سے ملزمان کو دی گئی سزائے موت کے فیصلے کالعدم قرار دےدئیے۔

سپریم کورٹ نے تحریری فیصلے میں لکھا عدالت نے ملزموں کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے فوری رہا کرنے کا حکم دیا،ملزمان ایف آئی آر میں نامزد نہیں تھے جس کے باعث شناخت کا عمل مشکوک ہے،تحریری فیصلہ کے مطابق گواہوں کا موقع پر موجود ہونا اور اتنے بڑے حملے میں کسی خراش کا نہ آنا غیر فطری ہے، ملزموں کی مشترکہ شناخت پریڈ قانونی طور پر ناقابل قبول اور غیر محفوظ ہے، شناخت پریڈ سے پہلے ہی ملزموں کی شناخت پولیس پر ظاہر ہو چکی تھی۔

فیصلے میں کہا گیا پولیس کے مطابق ملزموں نے ایک کیس کی تفتیش کے دوران پنڈی گھیب واقعے کا اعتراف کیا تھا جس کیس میں اعتراف کیا گیا ملزمان اس میں پہلے ہی بری ہوچکے ہیں جس کے باعث پہلے کیس میں بریت کے بعد ملزموں کا مبینہ اعتراف قانونی حیثیت کھو چکا ،استغاثہ ملزموںکےخلاف ٹھوس اور آزادانہ شہادتیں پیش کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہا ، ملزموں کو بری کیا جاتا ہے۔

دوسری جا نب عدالت عظمیٰ نے فیصل آباد میں 6 سالہ فضا نور کے اغوا، زیادتی اور قتل کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا،عدالت نے ٹرائل کورٹ ، لاہور ہائیکورٹ کے فیصلوں کو برقرار رکھتے ہوئے مجرم عبدالرزاق کی سزائے موت کوبرقرار رکھا ہے،فیصلہ جسٹس اشتیاق ابراہیم نے 13 صفحات پر مشتمل تحریری صورت میں جاری کیا۔

سپریم کورٹ نے فیصلے میں قرار دیا ڈی این اے ٹیسٹ ملزم کی شناخت کےلئے گولڈ سٹینڈرڈ حیثیت رکھتا ہے،کم سن بچی کےساتھ درندگی اور قتل جیسے سنگین جرم میں کسی قسم کی نرمی معاشرے کےلئے خطرہ ہے جبکہ سزائے موت کا مقصد معاشرے میں عبرت قائم کرنا ہے تاکہ ایسے جرائم کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

تحریری فیصلے کے مطابق پوسٹمارٹم رپورٹ کے مطابق بچی کی موت دم گھٹنے سے ہوئی جبکہ میڈیکل معائنے میں زیادتی اور بدفعلی کی تصدیق بھی ہوئی، پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بچی کے ناخنوں اور کپڑوں سے حاصل کیے گئے نمونوں کا ڈی این اے پروفائل مجرم عبدالرزاق سے مکمل طور پر میچ کر گیا، دوران تفتیش ملزم کی نشاندہی پر واردات میں استعمال ہونےوالی موٹر سائیکل اور بچی کی چپلیں بھی برآمد کی گئیں۔