وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب،امن کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے،پاکستان

اسلام آباد،جدہ:(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)مشرق وسطیٰ میں جنگ رکوانے کیلئے پاکستانی سفارتی کوششیں تیز،وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب،اہم امور پر مشاورت کی گئی۔

شہباز شریف ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کی دعوت پر سعودی عرب کے سرکاری دورے پر پہنچے، جدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے رائل ٹرمینل پر مکہ ریجن کے ڈپٹی گورنر پرنس سعود بن مشعل بن عبد العزیز ، ریاض میں تعینات پاکستان کے سفیر احمد فاروق ، جدہ میں تعینات پاکستان کے قونصل جنرل سید مصطفی ربانی و دیگر سفارتی عملے نے استقبال کیا۔

خطے کی موجودہ ، علاقائی سلامتی کی صورتحال ،دو طرفہ تعلقات سمیت اہم امور پر مشاورت کی گئی،وزیراعظم دفتر سے جاری بیان کے مطابق دورے سے سفارتی میدان میں مثبت کردار واضح ،پاکستان کردار ادا کرتا رہے گا۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا پاکستان خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی میں کمی کےلئے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا،وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب دوطرفہ قریبی مشاورت، خطے میں امن و سلامتی امور پر رابطوں کا حصہ ، مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تشویش ہے ، فریقین تحمل ،ضبط کا مظاہرہ کریں ،افغان سرزمین پاکستان کےخلاف دہشتگردی کےلئے استعمال نہیں ہونی چاہیے۔

ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے طاہر اندرابی نے کہا مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تشویش ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، خامنہ ای کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا اور مجتبیٰ خامنہ ای کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی،پاکستان نے سعودی عرب، بحرین، اردن، کویت، قطر، یو اے ای ، آذربائیجان پر ایرانی حملوں شدید مذمت کرتے ہوئے بردار ممالک سے یکجہتی کا اظہار کیا،یو این چارٹر، بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور بحران کے حل کےلئے مذاکرات بحال کرنے کی ضرورت ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا یواے ای میںشہریوں کے جاں بحق ہونے پردکھ و افسوس کا اظہار اور پاکستانی سفارتی مشن نے پاکستانیوں کی میتوں کی وطن واپسی کےلئے متاثرہ خاندانوں سے تعاون کیا، خطے کے مختلف ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کی مدد کےلئے وزارت خارجہ میں کرائسز مینجمنٹ یونٹ 24 گھنٹے فعال ہے۔

طاہر اندرابی نے کہا تیل بردار جہازوں کے معاملات ایران ، متعلقہ حکومتوں کے درمیان ہیں، پاکستان کا کوئی مخصوص موقف نہیں، ایران ،بھارت کے درمیان پیش آنے والے معاملات پر پاکستان براہ راست کوئی تبصرہ نہیں کرسکتا،امریکہ کےساتھ سفارتی سطح پرمسلسل رابطے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا تمام تنازعات کا حل خودمختاری کے احترام، بین الاقوامی قانون و مکالمے کے ذریعے ہونا چاہیے، پاکستان خطے میں پل کا کردار ادا کرتے ہوئے مختلف دارالحکومتوں کے درمیان رابطوں کو فروغ دے رہا ہے،افغان سرزمین پاکستان کےخلاف دہشتگردی کےلئے استعمال نہیں ہونی چاہیے، افغانستان سے قابل تصدیق یقین دہانیوں کا مطالبہ کیا گیا تاہم مطلوبہ یقین دہانیاں نہیں ملیں،کابل پر اپنی موجودہ پالیسی برقرار رکھیں گے۔