تہران (مشرق نیوز) ایران کے دارالحکومت تہران میں امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے شدید ترین بمباری کی گئی۔ رات کے وقت جنگی طیاروں نے کم بلندی پر پرواز کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں پر درجنوں بھاری بم گرائے جس سے کئی علاقوں میں زوردار دھماکے سنے گئے اور شہری خوفزدہ ہو گئے۔
تہران کے مغربی علاقے میں رہنے والی ایک خاتون نے بتایا کہ ابتدا میں تقریباً 15 منٹ تک مسلسل ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے درجنوں لڑاکا طیارے انکے سروں کے اوپر پرواز کر رہے ہوں، پھر کچھ وقفے کے بعد دوبارہ حملے شروع ہو جاتے تھے۔ شہریوں کے مطابق دھماکوں کی شدت سے زمین اور عمارتوں کی کھڑکیاں تک لرز رہی تھیں جس کے باعث بہت سے لوگ اپنے گھروں کے محفوظ حصوں یا باتھ رومز میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق تہران کے علاوہ اصفہان اور کرج سمیت دیگر شہروں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے کہا ہے کہ منگل کا دن ایران کے اندر حملوں کے حوالے سے سب سے زیادہ شدید ہوسکتا ہے۔ شدید بمباری کے باعث بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی عارضی طور پر متاثر ہوئی تاہم حکام کے مطابق چند گھنٹوں میں بجلی بحال کر دی گئی۔
دوسری طرف ایران کی پاسداران انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ اس نے آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت امریکی اور اسرائیلی اہداف کے خلاف حملوں کی نئی لہر شروع کر دی ہے۔ پاسداران انقلاب کے جاری بیان کے مطابق اس آپریشن کی 37 ویں لہر کے دوران تقریباً تین گھنٹے تک مسلسل میزائل حملے کیے گئے۔
بیان میں کہا گیا کہ حملوں میں عراق کے شہر اربیل، بحرین میں امریکی بحریہ کے ففتھ فلیٹ کے ہیڈ کوارٹر اور اسرائیل کے شہر تل ابیب میں فوجی مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق جنوبی تل ابیب میں واقع سیٹلائٹ مواصلاتی مرکز کو دوسری مرتبہ نشانہ بنایا گیا جبکہ مقبوضہ بندرگاہ حیفہ پر بھی میزائل داغے گئے۔
بیان کے مطابق ان حملوں میں خیبر شکن، قدر اور خرم شہر نامی میزائل استعمال کیے گئے جن میں متعدد وارہیڈز نصب تھے، جبکہ قدر میزائل کے وارہیڈ کا وزن تقریباً ایک ٹن بتایا گیا ہے۔ پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ آپریشن وعدہ صادق 4 گزشتہ ماہ اس وقت شروع کیا گیا تھا جب امریکا اور اسرائیل نے ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں شروع کیں۔
امریکہ اور اسرائیل کی تہران شدید بمباری، ایران کے بھی بھرپور جوابی وار



















