تہران،واشنگٹن،تل ابیب،ابوظہبی،دوحہ:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)امریکہ،اسرائیل کی ایران پرشدید ترین بمباری،تہران ، کرج میں بڑے دھماکے،ایران کے خیبرشکن میزائلوں سے جوابی وار،آپریشن کی 33 ویں لہرکا نام لبیک یاخامنہ ای سے منسوب کردیا،تہران پر شدید بمباری سے درجنوں افراد شہید ہوگئے،کرج شہر میں طاقتور دھماکوں کے بعد آسمان روشنی سے بھر گیا۔
اسرائیلی وامریکی حملوں میں شہدا ءکی تعداد1300سے متجاوز کرگئی،ایران نے آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت 33 ویں لہر شروع کرتے ہوئے ایک ٹن وار ہیڈ والے خیبرشکن میزائل داغ دئیے،امریکی بحریہ کے پانچویں اڈے کو بھی نشانہ بنایا گیا،اسرائیل میں متعدد افراد زخمی ہوگئے،بوظہبی کے الرویس صنعتی کمپلیکس میں تنصیب پر ڈرون حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی،کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ایران کےساتھ بات چیت ممکن ہے تاہم مذاکرات مخصوص شرائط پر منحصر ہوں گے،تہران مذاکرات کےلئے بے تاب دکھائی دیتا ہے لیکن امریکہ ایران کی قیادت پر مکمل اعتماد نہیں کر سکتا،نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای پر بھروسہ نہیں ،مجتبیٰ خامنہ ای کےلئے موجودہ حالات میں سکون سے رہنا آسان نہیں ہوگا،ایران مذاکرات چاہتا ہے تو پہلے کچھ بنیادی شرائط کو قبول کرنا ہوگا۔
ٹرمپ نے کہا ایران کے بعض اہم اہداف خصوصاً بجلی پیدا کرنے کے مراکز ابھی تک نشانہ نہیں بنائے گئے لیکن ضرورت پڑی تو تباہ کیا جاسکتا ہے،جنگ کا خاتمہ جلد ہوسکتا ہے تاہم رواں ہفتے ممکن نہیں ،وقت سے پہلے ایران کی طاقت کو ختم کر دیا ،نئی ایرانی قیادت کو بھی مار دیں گے۔
امریکی صدر نے کہا دیکھا جائے تو جنگ جیت چکے ، معلوم نہیں ایران کب شکست تسلیم کرےگا ابھی مکمل فتح نہیں ملی دشمن کے مزید پیچھے جائیں گے،زمینی فوج بھیجنے کا فیصلہ ابھی نہیں کیا،ایران نے متحدہ عرب امارات ، سعودی عرب پر حملہ کیا، عرب ممالک نے خود کو نیوٹرل رکھا،حملہ نہ کرتے تو ایران اٹیم بم بنا لیتا،ایرانی بحری جہاز اب سمندر کی تہہ میں ہیں،ایران آبنائے ہرمز کو بند کرنے کا کھیل کھیلے گا تو تباہ کردیں گے۔
ٹرمپ نے ایران پر حملے کی ذمہ داری مذاکرات کار سٹیو وٹکوف، اپنے داماد جیراڈ کشنر اور وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ پر ڈالتے ہوئے کہاتینوں کی گفتگو سے لگا ایران حملہ کرنے جارہاہے،صورتحال بہت تیزی سے پوائنٹ آف نو ریٹرن پر پہنچی، وقت آنے پر آبنائے ہرمز میں امریکی نیوی جہازوں کی حفاظت کرے گی، روسی صدر پیوٹن سے اچھی بات چیت ہوئی ،ایران نے آبنائے ہرمز کو بند رکھا تو موت، آگ اور قہر برسے گا ،20 گنا زیادہ سختی سے نمٹیں گے۔
امریکی وزیردفاع پیٹ ہیگستھ نے کہاایران بوکھلاہٹ کا شکار ،سکولوں ،ہسپتالوں سے میزائل داغ رہا ہے،ایران کی بحری ،فضائی اور دفاعی نظام کو تباہ کردیا ،حملوں کی شدت بڑھائیں گے،ایران نے اپنے پڑوسی ممالک کو نشانہ بنا کر بڑی غلطی کردی ، نئے سپریم لیڈر جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش نہ کریں، مجتبیٰ خامنہ ای کےلئے دانشمندی ہوگی ڈونلڈ ٹرمپ کے پیغام پر عمل کرےں،ایران نے آبنائے ہرمز سے تیل کی آمدورفت روکی تو سخت جواب دیں گے،امریکہ بلیک میل نہیں ہوگا۔
پیٹ ہیگستھ نے کہا جنگ کے دوسرے ہفتے میں داخل ہونے کےساتھ ہی ایران کی قیادت دباو کا شکار ہے اور حالات کو سنبھالنے کی کوشش کر رہی ہے،امریکہ جنگ اپنے طے کردہ وقت کے مطابق ختم کرےگا ،روس تنازع میں مداخلت سے گریز کرے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ڈین کین نے کہا امریکی فوج نے حال ہی میں ایران کے زیر زمین میزائل اڈوں کو نشانہ بنانے کےلئے درجنوں 2ہزار پاونڈ وزنی خصوصی بم استعمال کیے ،امریکہ آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کو محفوظ راستہ فراہم کرنے کے مختلف آپشنز پر غور کر رہا ہے،ایران کی میزائل صلاحیت کو بری طرح نقصان پہنچایا،جنگ میں اب تک ایران کے 50سے زائد بحری جہاز تباہ کئے ،اتحادیوں کےساتھ ملکرخطرات کو کم کرنے کی کوشش کررہے ہیں،ایرانی فضائی دفاعی نظام اب چیلنج نہیں۔
دریں اثنا جنگ جلد ختم ہونے کا امریکی دعویٰ مسترد کرتے ہوئے ایران نے کہاجب تک دشمن کی توپیں خاموش نہیں ہوجاتیں، لڑتے رہیں گے،صدر مسعود پزشکیان نے کہا ایران 6ہزار سال پرانی تہذیب کا وارث ہے، تاریخ کے نشیب و فراز کے باوجود کوئی طاقت نام کو مٹا نہیں سکی،ایران کو تباہ کرنے کاخواب دیکھنے والاتاریخ سے ناواقف ، حملہ آور آتے اور جاتے رہے مگر ایران قائم رہا۔
وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ایران مکمل طور پر تیار جب تک ضروری ہوا اپنے میزائل حملے جاری رکھے گا،امریکہ کےساتھ مذاکرات فی الحال ایران کے ایجنڈے میں شامل نہیں کیونکہ ماضی میں بات چیت کا تجربہ بہت تلخ رہا۔
سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سربراہ علی لاریجانی نے ٹرمپ کی دھمکیوں کو کھوکھلا قرار دیتے ہوئے کہا ایران کے عوام دھمکیوں سے نہیں ڈرتے،آپ سے زیادہ طاقتور لوگ بھی ایرانی قوم کو ختم نہیں کرسکے ،خود محتاط رہیں کہیں آپ ہی ختم نہ ہوجائیں،عاشور سے محبت کرنے والی قوم کو کھوکھلی دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا،آبنائے ہرمز یا تو سب کےلئے خوشحالی کی گزرگاہ ہوگی یا جنگ پسندوں کےلئے شکست اور تکالیف کی گزرگاہ بنے گی۔
پاسداران انقلاب نے کہا جنگ کے خاتمے کا فیصلہ ایران کرے گا ،حملے جاری رہے تو خطے سے تیل کی برآمدات روکنے کی پالیسی برقرار رکھی جائے گی،ایک لٹر تیل بھی برآمد نہیں ہونے دیا جائےگا،آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت صرف امریکی ،اسرائیلی سفیر کو نکالنے والے ملک کو دی جائےگی۔
ادھر قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے کہا کشیدگی کے آغاز سے قطر ،ایران کے درمیان ایک ہی براہ راست رابطہ ہوا ،دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کے ذرائع ابھی تک منقطع نہیں ، موجودہ صورتحال میں کشیدگی کم کرنے پرکوششیں مرکوز کر رکھی ہیں، یقین ہے تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔
ماجد الانصاری نے کہا ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی معذرت سے امید کی کرن ملی لیکن قطر یو اے ای اور بحرین پر مزید حملے کیے گئے،قطر دیگر خلیجی ممالک کےساتھ مشترکہ بیان کی تیاری کر رہا تھا تاہم ایران نے معذرت پر ردعمل کا موقع نہیں دیا،قطر موجودہ جنگ کا فریق نہیں اور اپنا بھرپور دفاع کرنے میں دریغ نہیں کریگا، سفارتکاری پر یقین مگر آئندہ حملے کی صورت میں جواب دینگے۔
مذاکرات مشروط ،نئی قیادت بھی مار دیں گے،ٹرمپ، خود نہ ختم ہوجائیں،تہران



















