تاوان کیلئے کمسن بچی کو اغوا کرنیوالا ملزم مبینہ پولیس مقابلہ میں مارا گیا

لاہور (مشرق نیوز) 2 سالہ بچی کو 10 کروڑ روپے تاوان کیلئے اغوا کرنے والا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔ سی سی ڈی چوہنگ پولیس اور بچی کو کروڑوں روپے تاوان کی خاطر اغوا کرنے والے ملزم کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور دو طرفہ فائرنگ کے دوران اغوا کار ہلاک ہوگیا۔ ملزم کی شناخت رانا واجد کے نام سے ہوئی ہے۔

ملزم واجد نے سندر کے علاقے سے 2 سالہ بچی حرم کو اغوا کیا تھا اور اس کی رہائی کے بدلے بچی کے والدین سے 10 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا جو بعد میں 5 کروڑ اور پھر 2 کروڑ پر فائنل کیا گیا۔ مغوی بچی سے موبائل فون پر والدین کی بات کروانے کیلئے بھی 3 لاکھ روپے ٹرانسفر کروائے گئے۔

ملزم کے خلاف بچی کے اغوا کا مقدمہ تھانہ سندر میں درج کیا گیا تھا جب کہ اغوا برائے تاوان کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی نے بچی کی بازیابی کیلئے احکامات جاری کئے تھے۔ اغوا کے ملزم کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کردی گئی ہے جبکہ بچی کو بحفاظت بازیاب کروا کر والدین کے حوالے کردیا گیا ہے۔