دہشت گردی کیخلاف پاک فوج کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں: ڈپٹی کمشنر ساہیوال

ساہیوال (چوہدری اشرف سے) افواج پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ضلعی انتظامیہ ساہیوال کے زیر اہتمام ایک ریلی نکالی گئی جو ضلع کونسل ہال سے شروع ہو کر ڈی پی او آفس چوک میں اختتام پذیر ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے ریلی کی قیادت کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نیاز احمد مغل، رجسٹرار یونیورسٹی آف ساہیوال سید اصغر علی شاہ، ایرڈ یونیورسٹی کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر عدنان خان،اے سی ساہیوال ماہم واحد،مولانا ضیاءاللہ شاہ بخاری، پیر احسان الحق ادریس، وکلائ، سکولز، کالجز اور یونیورسٹیز کے طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاءریلی نے پاکستان زندہ باد اور افواجِ پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے افواجِ پاکستان کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پاکستان کے امن و استحکام کیلئے ہم سب ایک پیج پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن غضب للحق میں پاک فوج کی مکمل حمایت اور کامیابیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بیرونی طاقت کو پاکستان میں مداخلت کرنے یا دہشت گردی پھیلانے پر منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ریلی کے شرکانے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمہ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ملک کی سلامتی کیلئے افواج پاکستان کا کردار قابل فخر ہے۔ریلی کے اختتام پر مولانا ضیاءاللہ شاہ بخاری نے پاکستان کی سلامتی، استحکام اور امن کیلئے خصوصی دعا کروائی۔