جنگ نے زور پکڑ لیا،ایران میں آئل ڈپو پر حملے ،شہر کالے دھوئیں سے ڈھک گیا

تہران،واشنگٹن،ریاض،ابوظہبی،لندن:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)سفارتی کوششیں بے سود،جنگ نے مزید زور پکڑ لیا،ایران میں آئل ڈپو ودیگر مقامات پر حملے ،شہر کالے دھوئیں سے ڈھک گیا، بارشی پانی میں بھی تیل کے ذرات شامل،بیروت پر بھی بمباری،متعدد افراد شہید،جنوبی لبنان میں2اسرائیلی فوجی ہلاک،ایران کے بھرپور جوابی وار،تل ابیب، یواے ای اور کویت میں دھماکوں کی گونج،دبئی میں میزائل کے ملبے تلے دب کر2پاکستانی جاں بحق،سعودیہ کے رہائشی علاقے میں میزائل گرنے سے 2 افراد لقمہ اجل ،12 زخمی ہوگئے،سعودی عرب کی ایران کو جوابی حملوں کی دھمکی ،امریکہ نے ایرانی یورینم کو قبضے لینے کیلئے سپیشل فورسز بھیجنے پر غور شروع کردیا۔

اسرائیلی فوج کے مطابق طیاروں نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ایرانی فوج کے زیر استعمال متعدد فیول سٹوریج کمپلیکس کو نشانہ بنایا،تہران میں موجود سی این این کے نمائندے نے کہاآئل ڈپو پر حملے کے بعد صبح سے شہر میں دھوئیں کے کالے بادل چھائے رہے،بادل برسے تو تیل کے ذرات شامل ہونے سے بارش کا پانی سیاہ ہوگیا،متعدد افراد شہید اور کئی زخمی ہوگئے،امریکی میڈیا کے مطابق تازہ حملوں میں فوجی اڈوں، میزائل لانچر اور پاسداران انقلاب کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا اہلکار ہتھیار ڈالنے والے پاسداران انقلاب کے اہلکار کو نقصان نہیں پہنچایا جائے گا،ایرانی حملوں کا نشانہ بننے والے تمام ممالک کے ساتھ کھڑے ہیں، امریکہ کےساتھ ملکر ایران کی فضائی حدود پر تقریباً مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ،حکومت کے خاتمے کےلئے منظم منصوبہ موجود ہے۔

ایران نے جارحیت کامنہ توڑ جواب دیتے ہوئے حیفا ریفائنری کو ہدف بنایا،مشرق وسطیٰ میں امریکی اہداف بھی تہران کے مسلسل نشانے پرہیں،متحدہ عرب امارات میں الظفرہ ،کویت میں عریفجان بیس میں امریکی ہیڈ کوارٹرز نشانہ بنایا گیا۔

پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا اسرائیل ،امریکہ کےساتھ 6 ماہ تک شدید جنگ لڑسکتے ہیں،پہلی اور دوسری قسیم کے میزائل استعمال کیے،جلد جدید و طویل فاصلے تک مار کرنیوالے میزائل برسائیں گے،24 گھنٹوں کے دوران امریکی تھاد میزائل دفاعی نظام سے منسلک 4 ریڈار تباہ کر دئیے۔

ایرانی فوج نے کہاحملوں کی نئی لہر میں تباہ کن کارروائیاں کی گئیں،یو ایس ففتھ فلیٹ کے 21 فوجیوں کو ہلاک ،متعدد کو زخمی کر دیا، الظفرہ ایئربیس پر 200 امریکی فوجی مارے گئے،متعدد امریکی فوجیوں کو قیدی بنا لیا،تل ابیب میں سٹریٹجک اہداف پر حملوں سے عمارتیں لرزاٹھیں،صوبہ ہرمزگان میں اسرائیلی ڈرون مار گرایا۔

صدر مسعود پزشکیان نے کہا ایران کےخلاف امریکہ ،اسرائیل کا خواب جلد ہی ڈراونے خواب میں تبدیل ہو جائے گا،کسی کو اپنی زمین کے ایک انچ پر بھی قبضہ نہیں کرنے دینگے،ہمسایہ ملک کی سرزمین ایران کےخلاف استعمال ہوئی تو مجبوراً جواب دینا پڑے گا، ہمسایہ ممالک پر جوابی کارروائیوں کا مطلب دشمنی نہیں بلکہ دفاعی ردعمل ہوگا،امریکہ ،اسرائیل خطے کے ممالک کو ایک دوسرے کےخلاف بھڑکانے کی کوشش کر رہے ہیں، ایران اپنے برادر ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے۔

ایرانی صدر نے کہاواضح کیا ایران ہر قسم کے حملے کا بھرپور جواب دے گا، ملک کے تمام سیاسی دھڑے ،عوام دشمن کےخلاف متحد ہیں، کسی دباو یا حملے کے سامنے جھکنے والے نہیں، ایران کی خودمختاری اور سرزمین کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔

وزیرخارجہ عباس عراقچی نے کہا نئے سپریم لیڈر کے انتخاب میں غیرملکی مداخلت قبول نہیں،تقرری مکمل طور پر ایران کا داخلی معاملہ ہے، امریکی اہداف پر حملے اپنے دفاع کا قانونی اقدام ہیں، جنگ انتخاب نہیں تھا ،مسلط کی گئی،امریکی فوجی اڈے کسی پڑوسی کی سرزمین پر ہوں نشانہ بنائیں گے، روس کے ساتھ فوجی تعاون جاری رہے گا،ماسکو کےساتھ فوجی تعاون طویل مدتی سٹریٹجک شراکت کا حصہ ہے۔

عباس عراقچی نے کہا ایران طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل تیار نہیں کر رہا ،میزائلوں کی حد 2 ہزار کلومیٹر تک محدود ،جان بوجھ کر میزائل رینج محدود رکھی تاکہ کسی کو خطرہ محسوس نہ ہو اور میزائل رینج بڑھانے کا کوئی منصوبہ نہیں ایسے کوئی شواہد یا انٹیلی جنس نہیں کہ میزائل امریکہ تک پہنچ سکتے ہیں۔

ایرانی خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق امریکہ ،اسرائیل کی جانب سے بنیادی انفراسٹرکچر پر حملوں کے بعد ایران نے اپنے اہداف کی فہرست میں سٹریٹجک تبدیلی کا فیصلہ کرلیا،ایران خطے میں امریکہ ، اسرائیل سے وابستہ صرف فوجی اہداف ،تنصیبات تک خود کو محدود نہیں رکھے گا،دونوں ممالک کے اثاثے بھی شامل کر لیے گئے ۔

قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا جنگ کے بعد ایران کا نقشہ شاید ویسا نہیں نظر آئے گا جیسا ابھی ہے،ایران کےساتھ کسی سمجھوتے یا سیٹلمنٹ کی تلاش میں نہیں، ایران میں ایسا صدر چاہتے ہیں جو ملک کو جنگ کی طرف نہ لے جائے،نہیں چاہتے کرد فورسز ایران میں داخل ہوں،برطانیہ اب مشرق وسطی میں2طیارہ بردار جہاز بھیجنے پر غور کررہا ہے تاہم اب برطانیہ کی ضرورت نہیں۔

ٹرمپ نے کہا برطانیہ کی بات یاد رکھیں گے امریکہ کو ایسے لوگوں کی ضرورت نہیں جو جنگ جیتنے کے بعد شامل ہوں،روس کی جانب سے ایران کی مدد کے کوئی شواہد نہیں ملے،نئے ایرانی سپریم لیڈر کو امریکہ کی رضامندی کی ضرورت ہوگی،منظوری نہیں ملتی تو زیادہ دیر نہیں رہے گا۔

امریکی سینٹرل کمانڈ(سینٹ کام) ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہاکافی حد تک ایران کی فوجی صلاحیتوں کو تباہ کر دیا ،ایرانی حکومت بےگناہ لوگوں کے تحفظ کو صریحاً نظر انداز کر رہی ،ایران شہری علاقوں کو فوجی کارروائیوں کیلئے استعمال کر رہا ہے، خطرناک فیصلہ ایران میں تمام شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالتا ہے،فوجی مقاصد کیلئے استعمال ہونے والے شہری علاقے اپنی محفوظ حیثیت کھو دیتے ہیں، ایران جان بوجھ کر معصوم جانوں کو خطرے میں ڈال رہا ہے، ایران نے خلیجی شراکت داروں پر حملے کیے اور شہریوں کی زندگیوں کی صریحاً بے توقیری کی گئی۔

کمانڈ سینٹ کام نے کہاایران سینکڑوں بیلسٹک میزائل اور ہزاروں یکطرفہ حملہ کرنے والے ڈرونز فائر کر چکا جواب میں کافی حد تک ایران کی فوجی صلاحیتوں کو تباہ کر دیا ،خبر ایجنسی کے مطابق امریکہ ،اسرائیل نے ایرانی افزودہ یورینیم کے حصول کےلئے سپیشل فورسز بھیجنے پر غور شروع کردیا، آپریشن کا مقصد ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے، منصوبے کے تحت امریکی یا اسرائیلی کمانڈوز کو ایران میں زیر زمین محفوظ تنصیبات تک بھیجا جائے گا،امریکہ یورینیم کو ایران سے باہر منتقل کرے گا یا غیر موثر بنا دے گا، آپریشن میں انٹرنیشنل جوہری توانائی ایجنسی کے ماہرین بھی شامل ہو سکتے ہیں۔

ادھر دبئی میں میزائلوں حملوں میں 2 پاکستانیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی،اماراتی حکام نے کہاحالیہ حملوں میں2 پاکستانیوں سمیت 4 افراد جان کی بازی ہار چکے ،ڈرائیور بھی شامل ہے،سعودی شہری دفاع کے مطابق الخرج میں رہائشی علاقے میں میزائل گرنے سے 2 افراد ہلاک ،12 زخمی ہوگئے،مرنے والوں کاکا تعلق بنگلہ دیش اور بھارت سے ہے۔

سعودی عرب نے پہلی بار ایران کو براہ راست جوابی کارروائی کی وارننگ دیتے ہوئے واضح کیا اگر مملکت یا توانائی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تو ریاض خاموش نہیں بیٹھے گا،ریاض اب بھی ایران ، امریکہ کے درمیان جاری تنازع کا سفارتی حل چاہتا ہے تاہم مملکت کی سلامتی یا آئل تنصیبات پر حملے برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی حکام نے تہران کو پیغام دیا خطے میں حملوں کا سلسلہ جاری رہا تو امریکی افواج کو ملکی فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دینے پر غور کرسکتے ہیں،امریکہ ،اسرائیل کی جانب سے 28 فروری کو ایران کے خلاف شروع ہونے والی فوجی کارروائیوں کے بعد سعودی عرب مسلسل سفارتی چینلز کے ذریعے تہران سے رابطے میں ہے ۔

متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے کہا ایران کی جارحیت بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی اور ملکی خودمختاری ،علاقائی سالمیت پر حملہ ہے،1,400 سے زائد ڈرون برسائے گئے،شہریوں کی ہلاکتیں بھی ہوئیں،کسی بھی تنازع یا کشیدگی میں شامل نہیں ہونا چاہتے لیکن بین الاقوامی قانون ، اقوام متحدہ چارٹرکے مطابق اپنی خودمختاری ،قومی سلامتی کے تحفظ کےلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کا پورا حق رکھتے ہیں۔

وزارت داخلہ نے کہا فضائی دفاعی نظام میزائل حملوں کے خطرے سے نمٹ رہا ہے،شہری برائے مہربانی محفوظ مقام پر رہیں اور سرکاری ویب سائٹ پر موجود وارننگز ،اطلاعات پر عمل کریں،دریں اثنا لبنان پر اسرائیلی حملوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 400تک جاپہنچی، جاں بحق افراد میں 83 بچے بھی شامل ہیں،جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے حملے میں 2 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے،سارجنٹ فرسٹ کلاس ماہر خطار اور دوسرا فوجی شامل ہے ۔