اسلام آباد (مشرق نیوز) آبنائے ہرمز کی بندش اور توانائی بحران کے خدشات کے پیش نظر وفاقی حکومت نے توانائی کی بچت کے منصوبے کو حتمی شکل دیدی۔ ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات اور آر ایل این جی کی طلب کم کرنے کیلئے قیمتوں کے نئے طریقہ کار کی منظوری دی گئی ہے جس کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہر ہفتے ردوبدل کیا جائیگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں کووڈ 19 وبا کے دوران اپنائے گئے طریقہ کار کی طرز پر تعطیلات کی تعداد میں اضافہ کیا جائیگا۔ حکومت نے پہلے، دوسرے اور تیسرے مرحلے پر مشتمل حکمت عملی تیار کی ہے جس میں تین سے چار درجن تجاویز شامل ہیں۔
پہلے مرحلے میں حکومت سرکاری شعبے میں اقدامات نافذ کریگی جبکہ دوسرے مرحلے میں نجی سکولوں، جامعات اور ہسپتالوں میں آن لائن اسائنمنٹس کا نظام متعارف کرایا جائیگا، اسکے ساتھ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہفتہ وار ردوبدل بھی کیا جائیگا۔
خطے کی بدلتی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر اور کھپت سے متعلق ہائی پاورڈ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
مشرق وسطیٰ جنگ، حکومت نے توانائی کی بچت کے منصوبے کو حتمی شکل دیدی



















