محکمہ زراعت کے فیلڈ افسران کاشتکاروں کی مناسب رہنمائی کریں: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے محکمہ زراعت کے فیلڈ افسران پر زور دیا ہے درجہ حرارت میں حالیہ اضافے کے گندم کی فصل پرمنفی اثرات کو کم کرنے کیلئے کسانوں کی مناسب رہنمائی کریں اور ان سے قریبی رابطہ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کسانوں کو درپیش مسائل سے مکمل آگاہ ہے اور ان مسائل کو وفاقی و صوبائی حکومتوں کے نوٹس میں لایا جائیگا۔ انہوں نے محکمہ زراعت کے فیلڈ افسران کو ہدایت کی کہ کسانوں کو فصلوں کی بیلنس کاشتکاری کی ترغیب دیں تاکہ انہیں مالی نقصان سے بچایا جا سکے۔ کسانوں کو بھی چاہیے کہ وہ محکمہ زراعت کے مشورے کے مطابق فصلوں کی کاشت کریں تاکہ ضرورت سے زائد پیداوار کی صورت میں مالی نقصان سے بچ سکیں۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں کپاس کی اگیتی کاشت اور گندم کی فصل کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں محکمہ زراعت، اریگیشن اور ریونیو اور کسان تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں کسانوں کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا اور درپیش مسائل بارے نشاندہی کی جس پر کمشنر نے ترجیح بنیادوں پر انہیں حل کرنے کے یقین دہانی کرائی۔ ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر نے بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں حکومت کی جانب سے مقررہ ہدف کے 96 فیصد رقبے پر گندم کاشت کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا موجودہ فصل کیلئے حکومت پنجاب نے 8 لاکھ 36 ہزار ایکڑ رقبے پر گندم کاشت کا ہدف مقرر کیا تھا جس میں سے 8 لاکھ 21 ہزار ایکڑ پر گندم کاشت کی جا چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع ساہیوال میں 2 لاکھ 97 ہزار ایکڑ ہدف کے مقابلے میں 2 لاکھ 88 ہزار ایکڑ، ضلع اوکاڑہ میں 3 لاکھ 20 ہزار ایکڑ ہدف میں سے 3 لاکھ 9 ہزار اور ضلع پاک پتن میں 2 لاکھ 19 ایکڑ میں سے 2 لاکھ 5 ہزار ایکڑ پر گندم کاشت کی گئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈویژن بھر میں گندم کی فصل مثالی ہے اور تمام عرصے میں نہری پانی اور کھادوں کی دستیابی ممکن رہی۔ اس کے علاوہ فصل پر بیماری کا حملہ بھی نہ ہونے کے برابر ہے جس سے توقع ہے کہ ریکارڈ فصل حاصل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ اور بارش کا نہ ہونا فصل پر منفی اثر ڈال سکتا ہے جو قابل تشویش ہے۔ ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر نے مزید بتایا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے گندم اگاو مہم کے تحت کسانوں کو زیادہ پیداوار پر انعامات دینے کیلئے مقابلے کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کیلئے ڈویژن بھر کے 711 درخواستیں وصول ہوئیں ہیں جن میں 211 ضلع ساہیوال،254 ضلع اوکاڑہ اور 246 ضلع پاکپتن سے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژن بھر میں کپاس کی اگیتی کاشت بھی جاری ہے اور اس سلسلہ میں محکمہ زراعت کسانوں سے مسلسل رابطے میں ہے۔