لاہور(خبر نگار)لاہور میں بسنت کے موقع پر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں نے مشترکہ حفاظتی حکمت عملی پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔ اسی سلسلے میں قومی کرکٹر مشتاق احمد نے محفوظ بسنت کے حوالے سے خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ تہوار کو ذمہ داری کے ساتھ منائیں اور حفاظتی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ حکومت نے عوام کو ذمہ داری کے ساتھ تہوار منانے کی آزادی دی ہے تاہم اس کے ساتھ شہریوں پر لازم ہے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کو اوّلین ترجیح دیں۔ انہوں نے والدین کو خصوصی ہدایت کی کہ وہ بسنت مناتے وقت بچوں کی کڑی نگرانی کریں اور چھتوں پر ان کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ انتظامیہ کے مطابق شہری اپنے گھروں کی چھتوں کے کھلے حصوں کو فوری طور پر محفوظ بنائیں اور کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچنے کیلئے پیشگی حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔ ہوائی فائرنگ کی روک تھام کیلئے پولیس اور سکیورٹی ادارے متحرک ہیں جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ہوائی فائرنگ سے اجتناب کریں اور پرامن طریقے سے خوشیاں منائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ خوشی کے اظہار کیلئے آتش بازی اور دیگر خطرناک سرگرمیوں سے گریز کیا جائے اور ہمسایوں و اہل محلہ کے آرام و سکون کا خاص خیال رکھا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور انتظامیہ عوام کی حفاظت کیلئے اہم کردار ادا کر رہی ہے اور شہریوں کے تعاون سے ہی بسنت کو محفوظ اور پرامن بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے قومی ہیروز کی جانب سے حفاظتی مہم میں ساتھ دینے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشتاق احمد جیسے نامور کھلاڑیوں کا پیغام عوام میں شعور اجاگر کرنے میں موثر ثابت ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے واضح کیا کہ انتظامیہ کا مقصد شہریوں کو ایک محفوظ اور پرمسرت ماحول فراہم کرنا ہے جس کیلئے تمام متعلقہ ادارے ہمہ وقت متحرک ہیں۔ آخر میں شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے ایس او پیز پر عمل کریں، سکیورٹی اداروں اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور بسنت کو ایک خوشگوار، محفوظ اور یادگار تہوار بنائیں۔
بسنت ،انتظامیہ، پولیس سمیت سکیورٹی اداروں کی مشترکہ حکمت عملی پر عملدرآمد شروع



















