بھکر میں علم ودانش کے دئیے روشن،دانش سکول منکیرہ کا افتتاح

لاہور:(وقائع نگار)بھکر میں علم ودانش کے دئیے روشن ،وزیراعلیٰ مریم نواز نے دانش سکول منکیرہ کا افتتاح ،گورنمنٹ پرائمری سکول کیسانوالہ میں سکول میل پروگرام کا آغاز ،منکیرہ کے3 سکولوں کی اپ گریڈیشن کا اعلان کردیا، فوری عملدرآمد کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری ہوگیا، مریم نواز نے گورنمنٹ پرائمری سکول کیسانوالہ کی طالبات میں لنچ بکس تقسیم کئے،کلاس رومز میںملک پیک ریپرسے بننے والے ڈیسک دیکھ کر اظہار مسرت کیا۔

وزیراعلیٰ نے طالبات سے بات چیت کی اور گھل مل گئیں،مریم نواز کے سوال پرطالبہ نے معصومیت سے جواب دیا ع سے عین ہوتا ہے، معصوم طالبہ نے گفتگوکرتے ہوئے کہا آپ کا ڈریس بہت اچھا ہے، ٹی وی پر روز دیکھتی ہوں اب خود دیکھا،وزیراعلیٰ نے بچیوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہادودھ پئیں، اچھی غذا کھائیں اور سٹرونگ ہوجائے،مریم نوازدانش سکول پہنچنے پر سفید پگڑی پہنے دو نوں بچوں کا ہاتھ پکڑکر افتتاح کےلئے ساتھ لے آئیں،دانش سکول منکیرہ کی کمپیوٹر لیب ،لائبریری کا بھی دورہ کیا۔

مریم نوازنے کہا کتابیں پڑھنی چاہئیں، کتابیں پڑھنے سے علم اور عزت بڑھتی ہے، وزیراعلیٰ نے بچوں سے مختلف سوال پوچھے، سب کے پاس باری باری جاکر تصاویر بنوائیں،دانش سکول گرلز کیمپس کے ہاسٹل میں جاکر 3 طالبات کی سالگرہ منائی،بلوچستان سے تعلق رکھنے والی نرمل تحریم، شکیلہ نور اور انوشے کنول کی سالگرہ کا کیک کاٹا،نیک تمناوں کا اظہار کیا،طالبات کےساتھ بیٹھ کر دوپہرکا کھانا کھایا اور کہاطلبہ خوب محنت کریں آگے بڑھیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا محنت کرکے وہ حاصل کرسکتے جو بظاہر ناممکن لگتا ہے، کبھی ڈرنا نہیں اور پریشان بھی نہیں ہونا اگر کچھ نہیں آتا تو سیکھیں اور جاننے کی کوشش کریں، بیٹیاں ہر فیلڈ میں آگے بڑھیں تو بہت خوشی ہوتی ہے،ماں کے طور پر اپنی بیٹیوں کےلئے پنجاب بھر میں جو ہوسکا ضرور کروں گی۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نوازنے بلوچستان میں دہشتگردوں کو دلیری سے پسپا کرنےوالی سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا بلوچستان پاکستان ہے اور پاکستا ن بلوچستان ہے،ہر پاکستانی بلوچستان اور بلوچستان کے عوام سے بے انتہا محبت کرتا ہے، بلوچستان کے چپے چپے کی حفاظت کریں گے۔

مریم نوازنے کہا بلوچستان پر اٹھنے والی ہر انگلی کاٹ دی جائے گی،ہر آنکھ نکال لی جائے گی،دہشتگرد جان لیں خون کی ایک ایک بوند کا بدلہ لیا جائے گا،پوری قوم پر عزم ہے،دہشتگردی کو شکست دے کر دم لیں گے، دشمن کے ہاتھوں میں کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا فتنہ الہندوستان کے دہشتگرد جہنم کا ایندھن،دہشتگردوں کا دین ،بلوچ قومیت سے کوئی تعلق نہیں، محض غدار ہیں،پنجاب سمیت پورے پاکستان کے عوام بلوچستان کے محب وطن عوام کے ساتھ ہیں اور پورا ساتھ دیں گے۔