مری میں برفانی طوفان کا خطرہ، ٹریول ایڈوائزری جاری، رات کا سفر نہ کرنیکی ہدایت

مری (مشرق نیوز) مری میں برفانی طوفان کی پیشگوئی کے تحت ڈی پی او نے ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی۔ ڈی پی او کے مطابق آج شام سے کل شام تک مری میں شدید برفباری کا امکان ہے، سیاح اور شہری رات کے وقت مری کا سفر کرنے سے مکمل گریز کریں، مری میں درجہ حرارت گرنے سے سڑکوں پربرف کی شیشے جیسی سخت تہہ بن سکتی ہے۔

ڈی پی او نے کہا کہ برف والی سڑک پرگاڑی کے بریک کام نہیں کرتے، رات کا سفرخطرناک ہوسکتا ہے، اندھیرے اور دھند میں برف ہٹانے والی مشینری کاکام کرنا انتہائی مشکل ہوجاتا ہے، ٹائروں پر ”سنوچین“ کے بغیر کسی گاڑی کو مری میں داخلے کی اجازت نہیں ملے گی۔

ڈی پی او کا کہنا تھا کہ مری روانگی سے قبل گاڑی کا فیول ٹینک فل رکھیں، مکینیکل فٹنس چیک کرلیں، بریک، وائپرز، ہیٹر اور ڈی فوگر کا درست ہونا یقینی بنائیں، برف والی سڑکوں پر رفتار کم اوراگلی گاڑی سے 50 میٹر دور رہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ گاڑی میں ہیٹر چلے تو شیشے کھلے رکھیں، آکسیجن کی کمی جانی نقصان کرسکتی ہے، دھند اور برفباری میں فوگ لائٹس اور ہیزرڈ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں، شاہراہوں یا ڈھلوانوں پر گاڑی پارک نہ کریں تاکہ برف ہٹانے میں رکاوٹ نہ ہو۔

ڈی پی او نے کہا کہ چیک پوسٹوں پرتعینات پولیس کی ہدایات پرسختی سے عمل کریں، ہنگامی صورتحال یاحادثے پر فوری پولیس ہیلپ لائن 15پر کال کریں۔